Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدید سہولیات سے آراستہ جازان کے ساحل، موسمِ گرما میں شہریوں کی اولین ترجیح

جازان ریجن کے ساحل پر آج کل سیاحوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس کی اہم وجہ معتدل موسم، شاندار مناظر اور سمندر کے کنارے تفریحی مقامات پر خدمات اور سہولیات کی فراہمی ہے جو اِس مقام کو فیملیوں اور دیگر افراد کا پسندیدہ سیاحتی مقام بنا دیتی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جازان شہر کے شمالی اور جنوبی کناروں پر واقع تفریحی مقامات اور ریجن کے ساحلی گورنریٹس میں شام کے اوقات میں بہت رش ہوتا ہے۔ لوگوں کے پسندیدہ مشاغل میں چہل قدمی، ساحلی گیمز، سرسبز ایریاز میں آرام اور مغربی افق سے نیچے جاتے ہوئے سورج کا مشاہدہ کرنا شامل ہیں۔
ساحل پر تفریحی مقامات کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبوں سے اِن جگہوں میں دلچپسی بڑھی ہے جہاں اب پیدل چلنے کے مخصوص راستے، بیٹھنے کے لیے نشستیں، بچوں کے لیے کھیل کے میدان، روشنیوں کا انتظام اور دیگر خدمات کی دستیابی شامل ہے جس سے سیاحوں کا مجموعی تجربہ بہتر ہوا ہے اور علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملا ہے۔
جازان کے ساحل مملکت میں سیاحوں کے انتہائی پسندیدہ قدرتی مقامات ہیں کیونکہ یہاں بحیرۂ احمر کی ساحلی پٹی کافی طویل ہے، ماحول میں گوناگونی ہے اور قریب کے جزائر اِن جگہوں کو اختتامِ ہفتہ یا چھٹیوں کے دوران سکون کے متلاشی اور فطرت کے متوالوں کے لیے مقبول مقام بنا دیتے ہیں۔
متعلقہ ادارے اِن ساحلوں کی ترقی اور سمندر کے کنارے تفریحی مقامات پر خدمات کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ آنے والوں کو یہاں محفوظ اور دلپذیر ماحول فراہم کیا جا سکے اور جازان شہر کی سال بھر تفریح فراہم کرنے والے شہر کی حیثیت کو تقویت ملے۔
جبکہ جازان کو سال بھر کے لیے ایک ممتاز سیاحتی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرنا بھی ان کا اہم ہدف ہے۔

شیئر: