سعودی عرب کی کویت، بحرین اور اردن پر ایرانی حملوں کی مذمت، فوجی کشیدگی روکنے پر زور
ہفتہ 18 جولائی 2026 20:33
بیان میں حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے سنیچر کو کویت، بحرین اور اردن کے خلاف جاری ایران کے حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ کے بیان میں کہا مملکت نے ایرانی حملوں کے جواب میں خطے کے ان تینوں ملکوں کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی مکمل سپورٹ کا اعادہ کیا ہے۔
وزارت نے ایرانی حملوں کو بین الاقوامی قوانین اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔
مملکت نے سول انفرا سٹرکچر، اہم تنصیات اور کویت میں بجلی اور پانی صاف کرنے کے پلانٹس پر ایران کے صریح حملوں کو مکمل طور پر مسترد کیے جانے کا اعادہ کیا، خطے کے ملکوں کی سلامتی و استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی فوجی کشیدگی کو فوری طور پر روکنے کی اہمیت پر زور دیا۔
یاد رہے کہ امریکہ ایک ہفتے سے ایران پر مسلسل حملے کر رہا ہے جبکہ ایران نے جوابی کارروائی میں جنگ میں براہ راست شریک نہ ہونے والے خلیجی ممالک کو بھی نشانہ بنایا۔ بحرین اور کویت پر ڈرون اور میزائل حملے کیے گئے جبکہ اردن میں واقع بعض فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
کویت پیٹرولیم کارپوریشن کا کہنا ہے ایک آئل تنصیب پر ایران کی جانب سے متعدد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں تنصیب کو شدید مالی نقصان پہنچا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔
کویتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران نے ایک بجلی اور پانی کے پلانٹ کو بھی نشانہ بنایا جس کے باعث بجلی پیدا کرنے والے کئی یونٹس بند ہو گئے۔
