ایران کے حملوں میں کویت کی آئل تنصیب اور بجلی گھر کو نقصان، متعدد افراد زخمی
ہفتہ 18 جولائی 2026 17:32
کویتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران نے ایک بجلی اور پانی کے پلانٹ کو نشانہ بنایا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کویت پیٹرولیم کارپوریشن نے کہا ہے کہ ملک کی ایک آئل تنصیب پر ایران کی جانب سے متعدد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں تنصیب کو شدید مالی نقصان پہنچا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔
کویتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران نے ایک بجلی اور پانی کے پلانٹ کو بھی نشانہ بنایا جس کے باعث بجلی پیدا کرنے والے کئی یونٹس بند ہو گئے۔ یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب ایک روز قبل بھی اسی نوعیت کا حملہ رپورٹ ہوا تھا۔
کویتی محکمہ فائر بریگیڈ کے مطابق حملے کے دوران آگ بجھانے میں مصروف ایک فائر فائٹر اور آئل تنصیب کا ایک ملازم زخمی ہوئے۔
کویت نے ایران پر شہری تنصیبات اور اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئل تنصیب اور بجلی و پانی کے پلانٹ پر حملے شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہیں۔
کویتی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اہم تنصیبات کو بار بار نشانہ بنانا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ شہری مراکز اور بنیادی ڈھانچے کو منظم انداز میں ہدف بنایا جا رہا ہے، جس سے شہریوں کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
دوسری جانب امریکہ نے جمعے کو مسلسل ساتویں رات ایران پر حملے کیے جبکہ ایران نے جوابی کارروائی میں جنگ میں براہ راست شریک نہ ہونے والے خلیجی ممالک کو بھی نشانہ بنایا۔ ایران کی جانب سے بحرین اور کویت پر ڈرون اور میزائل حملے کیے گئے جبکہ اردن میں واقع بعض فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
