عمان کے قریب بحری جہاز میں آگ، ایران کا دو ٹینکرز کی تباہی کا دعویٰ
عمان کے قریب بحری جہاز میں آگ، ایران کا دو ٹینکرز کی تباہی کا دعویٰ
پیر 20 جولائی 2026 12:02
امریکہ نے اتوار کو ایران پر فضائی حملے کیے تھے (فوٹو: امریکی سینٹرل کمانڈ)
سمندری سفر پر نظر رکھنے والی برطانوی ایجنسی (یو کے ایم ٹی او) نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایک بحری جہاز کو آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکہ اور ایران آبی گزرگاہ پر کنٹرول حاصل کرنے کی کشمکش میں ہیں اور اس کے راستے بحری آمد و رفت سست روی کا شکار ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق پیر کو جاری کیے گئے بیان میں یو کے ایم ٹی او کا کہنا ہے کہ ’جہاز کو کسی نامعلوم پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا جبکہ اس پر سوار سٹاف ارکان کو ایک کشتی کی مدد سے محفوظ طور پر نکال لیا گیا۔ جہاز میں لگی آگ کو ابھی تک نہیں بجھایا جا سکا اور وہ بے قابو حالت میں بہہ رہا ہے۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’فی الحال کسی ماحولیاتی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔‘
اس سے قبل ایجنسی نے اطلاع دی تھی کہ عمان سے آٹھ ناٹیکل میلز کے فاصلے مقام کومزار میں ایک جہاز کو آگ لگ گئی ہے اور اس کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
اس کے چند گھنٹے بعد ایران کی پاسدران انقلاب فورس کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والے دو جہاز دھماکوں کا شکار ہوئے، جہازوں نے آبنائے ہرمز کے اس راستے سے گزرنے کی کوشش کی جن کو ایران نے ’غیرمحفوظ‘ قرار دے رکھا ہے۔
بیان میں امریکہ پر یہ الزام بھی لگایا گیا کہ امریکی فوج نے ان کو وہی راستہ استعمال کرنے کی ترغیب دی تھی۔
کویت اور بحرین پر حملوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
تاہم بیان میں جہازوں کے نام نہیں بتائے گئے اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ وہ کس ممالک کے تھے جبکہ عملے یا ممکنہ جانی نقصان سے متعلق بھی کوئی معلومات جاری نہیں کی گئیں۔
پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری ہونے بیان میں بتایا گیا ہے کہ رات گئے دو آئل ٹینکرز نے آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے داخل ہونے کے بعد نکلنے کی کوشش کی اور یہ وہی راستہ ہے جس کو غیر محفوظ اور خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ اس دوران ان میں دھماکے ہوئے اور رک گئے۔
پاسداران انقلاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ آبی گزرگاہ تب تک غیر محفوظ ہے جب تک بقول اس کے خطے میں ’امریکی جارحیت‘ جاری رہے گی۔
اس کی جانب سے انتباہ بھی کیا گیا کہ ’یہ آبی گزرگاہ پیٹروکیمیکل مصنوعات کی نقل و حمل کے لیے محفوظ نہیں اور نہ ہی گیس اور تیل کی ایک بوند کے لیے۔‘
بیان میں امریکی فوج کو ’ایک سخت سزا پر مشتمل‘ آپریشن کے لیے تیار رہنے کا بھی کہا گیا ہے۔
ایران امریکہ لڑائی کے باعث آبنائے ہرمز کے راستے آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
اتوار کو امریکی حکام کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ اس کی جانب سے ایران پر آٹھویں روز بھی حملے کیے گئے جبکہ امریکہ کے اتحادی ممالک کویت اور بحرین نے مزید ایرانی حملوں کی اطلاعات جاری کیں۔
حالیہ دنوں کے دوران فریقین کی جانب سے ہونے والے اقدامات کی وجہ سے بحری جہازوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے امریکہ نے ایرانی بندرگاہوں پر ناکہ بندی نافذ کی ہے جبکہ ایران کا موقف ہے کہ وہ ان جہازوں کو نشانہ بناتا ہے جو ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔
آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں سے ایک ہے جہاں سے معمول کے مطابق عالمی تیل کی تجارت کا تقریباً پانچواں حصہ گزرتا ہے۔