مدینہ منورہ: عازمین حج کے روحانی سفر کا پہلا پڑاو، مثالی خدمات
عازمینِ حج آٹھ روز قیام کے بعد مکہ روانہ ہو جاتے ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
’مکہ روٹ‘ انیشیٹیو کے تحت یومیہ بنیادوں پر عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ مدینہ منورہ ان دنوں دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کے روحانی سفر کا پہلا پڑوا بنا ہوا ہے۔
مدینہ منورہ آنے والے عازمینِ حج یہاں آٹھ روز قیام کے بعد مکہ مکرمہ روانہ ہوجاتے ہیں، جہاں وہ عمرے کی ادائیگی کے بعد حج ایام تک قیام کرتے ہیں۔
عازمین مسجد نبوی میں نماز باجماعت ادا کرتے ہیں، روضہ شریفہ کی زیارت کرنے کے علاوہ زیادہ سے زیادہ وقت عبادت میں گزارتے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مدینہ منورہ میں سرکاری اور دیگر ادارے عازمین حج کا خیرمقدم کرنے اور انہیں بہترین خدمات کی فراہمی کےلیے مصروفِ عمل ہیں۔
وزارتِ حج وعمرہ اور سرکاری اداروں کی ٹیمیں مدینہ منورہ میں عازمین کی رہائش اور دیگر مقامات کے انتظامات کر رہی ہیں۔

مسجد نبوی کے امور کی نگران اتھارٹی کی جانب سے عازمین حج کی رہنمائی اور انہیں بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں۔
معمر اور بیمار عازمین کے لیے مسجد نبوی میں مخصوص راستے متعین ہیں تاکہ وہ عازمین جو ویل چیئرکا استعمال کرتے ہیں انہیں روضہ شریفہ تک جانے کےلیے دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انتظامیہ نے عازمین کی سہولت اور رہنمائی کے لیے مختلف مقامات پر آگاہی بورڈز نصب کیے ہیں، جبکہ مختلف زبانوں کے ماہرین کی خدمات بھی مہیا ہے۔

علاوہ ازیں خطبہ جمعہ کا براہ راست ترجمہ اور دینی رہنمائی کی خدمت بھی فراہم کی جارہی ہے۔
عازمین کے ہمراہ آنے والے کمسن بچوں کی دیکھ بھال کےلیے نرسری کی سہولت بھی موجود ہے تاکہ عازمین آرام و اطمینان کے ساتھ یکسو ہو کر زیادہ سے زیادہ وقت عبادت میں گزار سکیں۔
