Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جو ڈر گیا وہ مر گیا‘، سلمان خان کی پوسٹ سوشل میڈیا پر زیر بحث کیوں؟

سلمان خان ہر نئی پوسٹ کے ساتھ مداحوں اور ناقدین کے درمیان ایک نئی بحث چھیڑ دیتے ہیں (فوٹو: انسٹاگرام، سلمان خان)
بالی وڈ کے سپر سٹار سلمان خان فٹنس اور اپنی منفرد فین فالوونگ کے لیے جانے جاتے ہیں لیکن اس بار وہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنے ہوئے ہیں۔
گزشتہ چند روز سے وہ اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر مسلسل سرگرم ہیں اور ہر نئی پوسٹ کے ساتھ مداحوں اور ناقدین کے درمیان ایک نئی بحث چھیڑ دیتے ہیں۔
پہلے انہوں نے تعلیم کے شعبے سے وابستہ ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کو 'برو' کہہ کر ان سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی، جس پر انہیں شدید ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا، اور اب انہوں نے جم سے اپنی دو تازہ تصاویر شیئر کر کے ایک معمے سے بھرا پیغام لکھا ہے، جس نے انٹرنیٹ پر قیاس آرائیوں کا نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
سلمان خان نے اپنی تازہ پوسٹ میں جم سے لی گئی دو سیلفیاں شیئر کیں جن میں سر پر تولیہ رکھے ہوئے سلمان پہلے کے مقابلے میں کافی فِٹ اور توانا نظر آ رہے ہیں۔ تصاویر کے ساتھ انہوں نے مختصر مگر معنی خیز جملہ لکھا::
'سلمان خان ڈرررر گیا۔۔۔ ہاں، جو ڈر گیا وہ مر گیا۔'
یہ جملہ سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ بہت سے صارفین نے اسے گزشتہ روز ہونے والی ٹرولنگ کا جواب قرار دیا، جبکہ کچھ لوگوں نے اسے سلمان خان کے مخصوص مزاحیہ انداز سے تعبیر کیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’بھائی ڈرتا نہیں، صرف اپنے ہیٹرز کو ڈراتا ہے۔‘
دوسرے نے طنزیہ انداز میں تبصرہ کیا، 'اب نیا محاورہ یہ ہونا چاہیے، ڈر کے آگے جم کی تصویر ہوتی ہے!'

کئی مداحوں نے سلمان خان کی جسمانی فٹنس کی بھی تعریف کی۔
 گزشتہ کچھ عرصے سے ان کی صحت کے بارے میں مختلف افواہیں گردش کر رہی تھیں، مگر تازہ تصاویر نے ان قیاس آرائیوں کو بہت حد تک ختم کر دیا۔ مداحوں کا کہنا تھا کہ 60 برس کی عمر کے قریب پہنچنے کے باوجود سلمان کی فٹنس آج بھی نوجوان اداکاروں کو ٹکر دیتی ہے۔
ایک صارف نے لکھا: ’سلمینیا۔۔۔ راک سٹار اپنے انتہائی قاتلانہ انداز کے ساتھ واپس آ گيا ہے۔‘
اصل معاملہ اس وقت شروع ہوا جب سلمان خان نے ملک بھر میں امتحانی پرچے لیک ہونے کے معاملے اور اس کے خلاف جاری احتجاج پر اپنا ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں کو واپس لوٹ جائیں کیونکہ ان کے بقول وزیراعظم اس معاملے کا نوٹس لے چکے ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہو گی اور اس معاملے میں ان کی بات آج سچ ثابت ہوئی جب طلبہ کے مطالبات کو مان لیا گیا اور وزیر تعلیم نے استعفی دے دیا اور ان کا استعفی قبول بھی کر لیا گيا۔
اپنی پوسٹ میں سلمان خان نے لکھا تھا کہ طلبہ کی تعلیم اور سلامتی سب سے زیادہ اہم ہے، اس لیے انہیں مزید پریشان ہونے یا اپنے والدین کو فکر میں مبتلا رکھنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ حکومت پرچہ لیک کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔
اسی سلسلے میں سلمان خان نے لداخ کے معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک سے بھی مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’سونم، ہو گیا برو، اب اسے مزید نہ بڑھاؤ۔ اگر ضرورت پڑی تو پھر آواز اٹھانا، لیکن ابھی کچھ کھا لو۔ چاہو تو میں اپنے گھر سے کھانا بھی بھیج دیتا ہوں۔‘
یہی وہ جملہ تھا جس نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی۔ خاص طور پر 'برو' کہہ کر مخاطب کرنے پر بے شمار صارفین نے سلمان خان کا مذاق اڑایا۔ بعض لوگوں نے اسے غیر سنجیدہ انداز قرار دیا، جبکہ کچھ نے کہا کہ سلمان کا مقصد صرف دوستانہ لہجے میں اپیل کرنا تھا۔

اس سلسلے میں بھی سوشل میڈیا پر کئی دلچسپ تبصرے بھی دیکھنے کو ملے۔ ایک صارف نے لکھا: 'بھائی ہر مسئلے کا حل گھر کا کھانا سمجھتے ہیں۔'
ایک اور پوسٹ میں کہا گیا، 'سلمان خان شاید واحد اداکار ہیں جو سیاسی اور سماجی معاملات پر بھی فلمی انداز میں بات کرتے ہیں۔'
تاہم سلمان خان کے حامیوں کی بھی کمی نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اداکار نے کسی سیاسی مقصد کے لیے نہیں بلکہ انسانی ہمدردی کے جذبے سے سونم وانگچک سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی تھی۔
بہرحال سونم وانگچک کی بھوک ہڑتال ختم کرنے کے بعد سلمان خان کی پوسٹ پر ایک بار پھر گفتگو شروع ہو گئی۔ اگرچہ یہ کہنا درست نہیں ہوگ ا کہ وانگچک کا فیصلہ سلمان خان کی اپیل کے نتیجے میں ہوا، تاہم دونوں واقعات کے قریب قریب پیش آنے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ان کا بار بار ذکر کیا جاتا رہا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سلمان خان گزشتہ کئی برس سے ایکس پر کم ہی سرگرم رہتے تھے، لیکن حالیہ دنوں میں ان کی مسلسل پوسٹس نے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔ کبھی وہ کسی سماجی مسئلے پر رائے دیتے ہیں، کبھی اپنی فلموں کی جھلک دکھاتے ہیں اور کبھی صرف ایک مختصر جملے سے پورے انٹرنیٹ کو سوچنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔
فلمی حلقوں کا ماننا ہے کہ سلمان خان اچھی طرح جانتے ہیں کہ ان کی ہر بات سرخی بن جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی مختصر ترین پوسٹ بھی لاکھوں لوگوں کی توجہ حاصل کر لیتی ہے۔ اس بار بھی 'ڈر گیا' والا جملہ صرف چند الفاظ پر مشتمل تھا، مگر اس کی تشریح ہر شخص نے اپنے اپنے انداز سے کی۔

 

شیئر: