سعودی ایجنسی نے غزہ میں بے گھر افراد کے لیے نیا کیمپ قائم کر دیا
اتوار 26 جولائی 2026 18:11
انتہائی کمزور خاندانوں میں 14 خیمے اور فوڈ باسکٹس تقسیم کی ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز نے غزہ کے وسطی علاقے دیر البلاح میں بے گھر فلسطینیوں خصوصاً بصارت سے محروم افراد اور ان کے خاندانوں کو شیلٹر فراہم کرنے کے لیے ایک نیا کیمپ قائم کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس کیمپ کے قیام کا مقصد ان لوگوں کے لیے محفوظ اور مستحکم رہائش فراہم کرنا ہے جن کے گھر انسانی بحران کے دوران تباہ ہو گئے تھے۔
غزہ میں شاہ سلمان مرکز کے ایگزیکٹیو پارٹنر سعودی سینٹر فار کلچر اینڈ ہیریٹیج کی فیلڈ ٹیموں نے کیمپ تیار کیا۔ لوگوں کی ضروریات پوری کرنے، ایک محفوظ اور زیادہ مستحکم ماحول فراہم کرنے کے لیے شیلٹر یونٹ ڈایزائن کیے۔
پروجیکٹ کے ایک حصے کے طور پر فیلڈ ٹیموں نے انتہائی کمزور خاندانوں میں 14 خیمے اور فوڈ باسکٹس تقسیم کیں، جن سے 84 افراد نے فائدہ اٹھایا۔
سعودی امدادی ایجنسی پناہ گزین کیمپوں میں فوڈ باسکٹس کی تقسیم بھی جاری رکھے ہوئے ہے، جو فوڈ سکیورٹی کو مضبوط بنانے اور ضرورت مند خاندانوں کی مدد کے لیے انسانی ہمدردی کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔

یہ امداد انسانی بحران کے دوران بچوں کے لیے خوشی کے لمحات لانے کے ساتھ روزانہ کی مشکلات کو کم کرنے میں مدد کرتی ہے۔
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز کے زیر انتظام سینٹرل کچن نے وسطی اور جنوبی غزہ میں انتہائی کمزور افراد میں 25 ہزار گرم کھانے کے پیکٹ تقسیم کیے ہیں۔
