فلسطینیوں نے غزہ کے لیے سعودی انسانی اور امدادی کوششوں کو سراہا
ہفتہ 11 جولائی 2026 19:53
فلسطین میں 542 ملین ڈالر کے 155 منصوبے نافذ کیے ہیں،( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی سینٹر فار کلچر اینڈ ہیریٹج کے سربراہ عصام ابو خلیل نے غزہ میں سینٹر کے ہیڈ کوارٹر میں فلسطینی خاندانوں اور قبائلی رہنماوں کے ایک وفد سے ملاقات کی۔
وفد نے سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز کے ذریعے غزہ میں مملکت کی انسانی اور امدادی کوششوں کی تعریف کی اور ان اقدامات کو اجاگر کیا جنہوں نے فلسطینیوں کے مصائب کم کرنے، بنیادی ضروریات کو پورا کرنے اور بحالی کی کوششوں کی میں سپورٹ کی۔
عصام ابو خلیل نے کہا کہ ’یہ امداد سعودی عرب اور فلسطینی عوام کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔ اس سے شاہ سلمان مرکز کی جانب سے فراہم کی جانے والی انسانی امداد پر اعتماد بھی بڑھتا ہے۔‘
شاہ سلمان مرکز نے فلسطین میں 542 ملین ڈالر سے زیادہ مالیت کے 155 منصوبے نافذ کیے ہیں، فلسطین، سعودی امدادی ایجنسی سے امداد حاصل کرنے والے بڑے ملکوں میں سے ایک ہے۔
یہ پروگرام فوڈ سکیورٹی، پانی، صفائی، حفظان صحت، ہیلتھ، تعلیم، ہیومنٹیرین اینڈ ایمرجنسی ریلیف، لاجسٹکس، غذائیت اور ایمرجنسی ٹیلی کمیونیکیشن کو کور کرتا ہے۔
مئی 2015 میں اپنے قیام کے بعد سے شاہ سلمان مرکز نے 355 مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ شراکت میں 133 ملکوں میں تقریبا 8.54 ارب ڈالر مالیت کے 4 ہزار 404 منصوبے نافذ کیے ہیں۔
