’دی پاور آف لیگیسی‘ سعودی عرب فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو کانفرنس کی میزبانی کرے گا
کانفرنس سربراہان مملکت، پالیسی میکرز اور کاروباری رہنماؤں کو اکھٹا کرے گی۔( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی عرب فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو کانفرنس کے دسویں ایڈیشن کی میزبانی کرے گا جو 26 سے 29 اکتوبر 2026 تک ریاض کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں ہوگا۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں ’دی پاور آف لیگیسی‘ کی تھیم کے تحت منعقد ہونے والی یہ کانفرنس سربراہان مملکت، سرمایہ کاروں، پالیسی میکرز اور کاروباری رہنماؤں کو اکھٹا کرے گی۔
یہ کانفرنس مستقبل کی سرمایہ کاری، معیشت کے مواقع اور چیلنجز کا جائزہ لینے کے ساتھ ان طریقوں کو تلاش کرے گی کہ آج کے فیصلے کس طرح آئندہ نسلوں کے لیے پائیدار خوشحالی لا سکتے ہیں۔
چار بنیادی امور پر توجہ مرکوز کی جائے گی، جس میں سرمایہ جو تعمیر کرتا ہے، ٹیکنالوجی جو ترقی کرتی ہے، معاشرے جو خوشحال ہوتے ہیں اور قیادت جو تحریک دیتی ہے۔
فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو کی سی ای او شہزادی ڈاکٹر مھا بنت مشاری بن عبد العزیز نے کانفرنس کی شاہی سرپرستی اور قیادت کی جانب سے مسلسل سپورٹ کو سراہا۔
انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی رہنمائی کو جامع ترقی اور سعودی وژن 2030 کے تحت خوشحال اور پائیدار معیشت کی بنیاد قرار دیا۔
انہوں نے کہا ’اپنے آغاز سے اب تک فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو ایک عالمی پلیٹ فارم بن چکی ہے، جس نے کئی بڑے سٹریٹیجک معاہدوں کی راہ ہموار کی اور ریاض کو سرمایہ کاری کے ساتھ فیصلہ سازی کا مرکز بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
یاد رہے فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو (ایف آئی آئی) ممالک کے لیے اپنی معاشی طاقت کو ظاہر کرنے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ایک پائیدار مستقبل کی تشکیل کے لیے مکالمے میں مشغول ہونے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔
کانفرنس کا مقصد مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، تعلیم، توانائی، سپیس، مالیات، صحت کی دیکھ بھال اور پائیداری جیسے اہم مسائل کو حل کرنا ہے۔ ایجنڈے میں مصنوعی ذہانت اور نئی ٹیکنالوجیز سرِفہرست ہیں۔
’صحرا میں ڈیووس‘ کے نام سے جانے جانے والا فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں عالمی رہنما، چیف اگزیکٹوز اور پالیسی ساز صنعتوں، گورننس اور انسانیت کے مستقبل کی تشکیل کے لیے اکھٹے ہوتے ہیں۔
