فیوچر ہاسپیٹیلٹی سمٹ 2026: سعودی سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع اُجاگر
سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں سے متعارف کرایا گیا۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت سیاحت نے ریاض میں منعقدہ ’فیوچر ہاسپیٹیلٹی سمٹ 2026‘ میں بھر پور شرکت کی ہے، جس میں ہاسپپٹیلٹی اینڈ ٹورازم سیکٹرز سے وابستہ سرمایہ کاروں، ڈویلپرز، آپریٹرز اور معروف برانڈز شریک تھے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ’فیوچر ہاسپیٹیلٹی سمٹ 2026 ‘ ریاض میں 21 سے 24 جون تک جاری رہی۔
سعودی وزارت سیاحت نے سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے سعودی عرب کی بڑھتی ہوئی کشش اور مواقع کو اجاگر کیا۔
نائب وزیر سیاحت انجینیئر محمود عبدالھادی نے سمٹ سے خطاب میں کہا ’سعودی عرب، محض ایک وعدے پر سرمایہ کاروں کو سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کو دعوت نہیں دے رہا ہے، بلکہ ایک ایسی مارکیٹ میں خیر مقدم کر رہا ہے جو اب محض خواب نہیں بلکہ تیزی سے ترقی کرتی ہوئی حقیقت بن چکی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’سعودی سیاحت کی بنیاد کسی ایک منصوبے، ایک شہر یا مخصوص مارکیٹ سیگمنٹ پر نہیں رکھی گئی بلکہ یہ مختلف ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیار کردہ جامع نظام پر مشتمل ہے۔‘

سمٹ کے دوران وزارت سیاحت نے مملکت میں سیاحتی منظر نامے کے بارے میں بتایا، جس میں وژن 2030، سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے کوششوں اور مختلف سیاحتی مقامات میں دستیاب مواقع کو اجاگر کیا۔ سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں اور اقدامات سے بھی متعارف کرایا گیا۔
وزارت کی جانب سے ’مملکت میں سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کا مستقبل‘ کے عنوان سے ورکشاپ کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں سیاحت سے متعلق بین الاقوامی سرمایہ کاری اور عالمی برانڈز کی سعودی مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی شمولیت کا جائزہ پیش کیا گیا۔

وزارت کے مطابق یہ اقدامات قومی سیاحتی حکمت عملی اور وژن 2030 کے اہداف کے تحت سیاحت کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری بڑھانے، بین الاقوامی شراکت داریوں کو فروغ دینے اور مملکت کو عالمی سطح پر نمایاں سیاحتی و سرمایہ کاری کا مرکز بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
