Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غلاف کعبہ کی تیاری کا مشاہدہ: شاہی مہمانوں نے کسوہ فیکٹری کا دورہ کیا

یہ دورہ وزارت اسلامی امور کے ثقافتی اور تعلیمی پروگرام کا حصہ ہے( فوٹو: ایس پی اے)
ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت آنے والے عمرہ زائرین کے دوسرے گروپ نے بدھ کو مکہ مکرمہ میں کنگ عبدالعزیز کمپلیکس (کسوہ فیکٹری) کا دورہ کیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ دورہ وزارت اسلامی امور کے ثقافتی اور تعلیمی پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد مہمانوں کے تجربات کو یاد گار بنانا ہے۔
شاہی مہمانوں نے کمپلیکس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، غلاف کعبہ کی تیاری کی تاریخ، فیکٹری کے قیام اور ترقی کے مراحل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے غلاف کعبہ کی تیاری کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا جن میں خالص ریشم کے دھاگوں کی تیاری اور رنگائی، بنائی، کڑھائی، سلائی اور آخر میں کسوہ کی مکمل تیاری شامل ہے۔

کمپلیکس کے تیکنیکی اور پروڈکشن شعبوں کے دورے میں مہمانوں کو کسوہ کی تیاری میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی کے بارے میں بتایا گیا۔ 
واضح رہے کہ مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ فیکٹری زائرین کی دلچسپی کا مرکز ہے، جہاں انہیں مکمل معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔

یاد رہے کہ 23 ایشیائی اور یورپی ملکوں کے 250 افراد پر مشتمل دوسرا گروپ عمرے کے ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں ہے۔
 خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے اس سال ذاتی خرچ پر مختلف ملکوں سے ایک ہزار افراد کو عمرہ کرانے کی منظوری دی ہے۔

 

شیئر: