خانہ کعبہ دیکھا تو آنسو نہیں روک سکے: شاہی مہمانوں کے تاثرات
عمرہ زائرین نے سعودی مہمان نوازی اور خدمات کی تعریف کی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت آنے والے عمرہ زائرین کے دوسرے گروپ میں شامل افراد نے سعودی مہمان نوازی اور خدمات کی تعریف کی ہے۔
شاہی مہمانوں نے مدینے سے مکہ مکرمہ پہنچنے اور عمرے کی ادائیگی کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ خانہ کعبہ کو دیکھنے اور طواف کو یادگار لمحات قرار دیا۔
دوسرے گروپ میں 23 ایشیائی اور یورپی ملکوں کے 250 افراد شامل ہیں۔ اس پروگرام پر وزارت اسلامی امور کے ذریعے عملدرآمد کیا جاتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق برطانیہ سے تعلق رکھنے والی سلیمہ پال نے کہا ’مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں عمرے کی ادائیگی اور نماز پڑھنا اسلام میں مساوات اور بھائی چارے کے اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔‘
انہوں نے کہا ’مختلف قومیتوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے مسلمان مسجد الحرام میں عمرے کے لیے جمع ہوتے ہیں جو ان کے اتحاد اور مساوات کو ظاہر کرتا ہے۔‘
البانیہ سے تعلق والے کلیٹن مالی نے کہا ’مدینہ چھوڑنے کا دکھ ہوا لیکن پہلی مرتبہ مسجد الحرام اور خانہ کعبہ دیکھنے کی تڑپ تھی۔ انہوں نے خانہ کعبہ کے دیدار کو جذباتی لمحہ قرار دیا اور کہا‘ جب خانہ کعبہ کو دیکھا تو اپنے آنسو نہیں روک سکا۔‘

شمالی مقدونیہ سے تعلق رکھنے والے حاجی ابراہیم اوغلو نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا ’روحانی ماحول میں عمرے کی ادائیگی کے دوران سکون محسوس کیا۔‘
انہوں نے کہا ’میری آنکھوں سے خوشی کے آنسو بہنے لگے جبکہ میں دعا اور اللہ کا شکر ادا کرتا رہا جس نے یہ سفر ممکن بنایا۔ یہ لمحات میری زندگی کے سب سے قیمتی لمحات میں سے رہیں گے۔‘
بلغاریہ سے تعلق رکھنے والے الطائی کریموف نے مملکت میں آمد سے لے کر عمرے کی ادائیگی کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات اور آرگنائزیشن کی تعریف کی۔
یاد رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ذاتی خرچ پر مختلف ملکوں سے ایک ہزار افراد کو عمرہ کرانے کی منظوری دی ہے۔

یہ دورہ، وزارت اسلامی امور کے ثقافتی اور تعلیمی پروگرام کا حصہ ہے۔ جس کا مقصد مہمانوں کے تجربات کو بہتر بنانا اور انہیں یہ دکھانا ہے کہ مملکت مقدس مساجد اور اسلامی و تاریخی مقامات کی دیکھ بھال پر کس قدر توجہ دے رہی ہے۔
شاہی مہمانوں کے دوسرے گروپ میں بوسنیا ہر زیگوینا، البانیہ، کوسوو، شمالی مقدونیہ، سربیا، مونٹی نیگرو، یونان، بلغاریہ، رومانیہ، سلووینیا، فرانس، برطانیہ، سپین، جرمنی، آسٹریلیا، سلواکیہ، ایسٹونیا، پولینڈ، سوئٹزر لینڈ، شام، اردن اور عراق کے عمرہ زائرین شامل ہیں۔
