شاہی ضیافت میں عمرہ زائرین کے دوسرے گروپ کی مکہ آمد
دوسرے گروپ میں 23 ایشیائی اور یورپی ملکوں کے 250 افراد شامل ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت آنے والے عمرہ زائرین کے دوسرے گروپ پیر کو مدینہ منورہ سے عمرے کے لیے مکہ مکرمہ روانہ ہوا ہے۔
شاہی مہمانوں نے مسجد نبوی کی زیارت اور روضہ شریفہ میں نماز ادا کرنے کا موقع ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
ایس پی اے کے مطابق انہوں نے کئی اسلامی اور تاریخی مقامات کا دورہ بھی کیا جن میں جبل احد، کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس، سیرت نبوی اور اسلامی تہذیب کا میوزیم شامل ہے۔
شاہی مہمانوں نے مذہبی اور ثقافتی پروگراموں میں بھی شرکت کی، جس سے ان کے روحانی تجربے اور علم میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے مدینہ منورہ میں فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولتوں کی تعریف کی۔
وزارت اسلامی امور نے شاہی مہمانوں کا خاص خیال رکھا اور انہیں جامع خدمات فراہم کیں، جس نے دورے کو آسان بنایا اور آسانی اور سکون کے ساتھ عبادت کا موقع فراہم کیا۔

واضح رہے دوسرے گروپ میں 23 ایشیائی اور یورپی ملکوں کے 250 افراد شامل ہیں۔
وزارت اسلامی امور نے ایک متنوع پروگرام تیار کیا ہے۔ مکہ مکرمہ میں عمرے کی ادائیگی کے بعد شاہی مہمان، کنگ عبدالعزیز فیکٹری (کسوہ) اور غار حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کا دورہ کریں گے۔
یہ دورہ، وزارت اسلامی امور کے ثقافتی اور تعلیمی پروگرام کا حصہ ہے۔ جس کا مقصد مہمانوں کے تجربات کو بہتر بنانا اور انہیں یہ دکھانا ہے کہ مملکت مقدس مساجد اور اسلامی و تاریخی مقامات کی دیکھ بھال پر کس قدر توجہ دے رہی ہے۔
یاد رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ذاتی خرچ پر مختلف ملکوں سے ایک ہزار افراد کو عمرہ کرانے کی منظوری دی ہے۔
