ورلڈ فوٹوگرافی ڈے: فوٹوگرافی کے فروغ میں کنگڈم ایوارڈ کا نمایاں کردار
ورلڈ فوٹوگرافی ڈے: فوٹوگرافی کے فروغ میں کنگڈم ایوارڈ کا نمایاں کردار
بدھ 19 اگست 2026 11:51
ویژوئل آرٹس کمیشن فوٹوگرافرز کی سرپرستی جاری رکھے ہوئے ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ورلڈ فوٹوگرافی ڈے کے موقع پر ویژوئل آرٹس کمیشن نے 2022 میں اپنے آغاز سے اب تک ’کنگڈم فوٹوگرافی ایوارڈ‘ کے تین ایڈیشنز کا سفر پیش کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد فوٹوگرافی کے شعبے میں ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کی سرپرستی، فنی مہارتوں کا فروغ اور مملکت کے ثقافتی و بصری تنوع کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اپنے تینوں ایڈیشنز کے دوران اس ایوارڈ نے تبوک، الاحساء اور عسیر تک کا سفر کیا ہے جس نے فوٹوگرافرز کو مملکت کے قدرتی مناظر اور ورثے کو دریافت کرنے کے منفرد مواقع فراہم کیے ہیں۔ ایوارڈ کا پہلا ایڈیشن تبوک میں منعقد ہوا تھا جس کے بعد دوسرا ایڈیشن الاحساء میں اور تیسرا ایڈیشن عسیر میں منعقد کیا گیا۔
اس ایوارڈ نے تینوں ایڈیشنز کے دوران بھرپور پذیرائی حاصل کی جس میں اوپن کالز کے ذریعے دو ہزار سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں اور تقریباً 41 فاتحین کا انتخاب کیا گیا۔
ایوارڈ کے ساتھ ساتھ مختلف پینل مباحثوں، ورکشاپس اور دیگر ذیلی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا جس نے شرکاء اور شائقین کو سیکھنے، تجربات کا تبادلہ کرنے اور تصویر کشی کے نئے طریقوں کو سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔
اٹلی کے شہر وینس کی تاریخی عمارت ’ابازیا‘ میں منعقدہ ’ان اے نیو لائٹ‘ نمائش کے ذریعے اس ایوارڈ کی بین الاقوامی سطح پر بھی پہچان مضبوط ہوئی۔ اس نمائش میں ایوارڈ کے مختلف ایڈیشنز سے منتخب شدہ شاہکار پیش کیے گئے جنہوں نے عالمی برادری کے سامنے جدید سعودی فوٹوگرافی کے نقطہ نظر اور مقامی صلاحیتوں کی ترقی کا مظاہرہ کیا اور مملکت میں تخلیقی سرگرمیوں کے بڑھتے ہوئے دائرہ کار کو نمایاں کیا۔
اس ایوارڈ نے تینوں ایڈیشنز کے دوران بھرپور پذیرائی حاصل کی (فوٹو: عرب نیوز)
ویژوئل آرٹس کمیشن فوٹوگرافرز کی سرپرستی جاری رکھے ہوئے ہے اور ایسے پلیٹ فارمز فراہم کر رہا ہے جو انہیں مملکت کے قدرتی و ثقافتی تنوع کو قلمبند کرنے کے قابل بناتے ہیں۔
یہ اقدامات فوٹوگرافی کو ایک ایسے فن کے طور پر مستحکم کرتے ہیں جو سعودی عرب کے بصری منظر نامے کو شاندار بناتا ہے اور مقامی اور بین الاقوامی شائقین تک پیش کرتا ہے جو کہ سعودی وژن 2030 کے تحت ثقافتی شعبے کو فروغ دینے اور اس کو مضبوط کرنے کے اہداف سے مکمل ہم آہنگ ہے۔