العُلا میں فلکیاتی فوٹوگرافی کے فروغ کے لیے خصوصی ورکشاپس اور تربیتی کورسز
العلا منارہ کا فلکی تصویرکشی کا ’امبیسیڈرز پروگرام‘، خصوصی ورکشاپس اور تربیتی کورسز کے ذریعے ایسے ٹیلنٹ کی مدد کر رہا ہے جو اجرامِ فلکی کی فوٹوگرافی میں خصوصی دستگاہ رکھتا ہے۔ ایک مربوط پلیٹ فارم کے ذریعے فراہم کی جانے والی یہ معاونت صرف سعودی ٹیلنٹ کے لیے وقف نہیں بلکہ خطے کے ممالک اور دنیا بھر سے لوگ اس پروگرام کا حصہ بن سکتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اِس انیشیٹیو کا مقصد کورس کے شرکا کی مہارتوں کو بہتر بنانا اور اُنھیں اِس قابل بنانا ہے کہ وہ راتوں کو آسمان کی دلکشی، کیمرے میں محفوظ کریں اور العلا کے بے مثال قدرتی اور فلکیاتی جمال کو دنیا کے سامنے لائیں۔ اس پروگرام کا مقصد پائیدار فلکی سیاحت کی ایک نمایاں منزل کے طور پر العلا کی حیثیت کو مضبوط بنانا بھی ہے۔
ان کوششوں کے تحت العلا منارہ نے اجرامِ فلکی کی عکاسی کی ایک ورکشاپ کا انتظام بھی کیا جہاں شرکا نے رات کے آسمان کی تصویر کشی سے متعلق اپنے اپنے تجربات بتائے۔ اُنھوں نے ایک دوسرے کے ساتھ تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارتیں بھی شیئر کیں اور فلکی مناظر کا دستاویزی ریکارڈ بنانے کے بہترین طریقِ عمل پر تبادلۂ خیال بھی کیا۔
اِس ورکشاپ کا مقصد سپیشل بصری مواد کی خوبیوں میں اضافہ کرنا اور العلا کو فلکی سیاحت کے لیے بہترین بین الاقوامی مرکز کے طور پر پیش کرنا تھا۔
اِس پروگرام کے تحت ورکشاپس اور تربیتی پروگراموں کے ذریعے تحقیقی نظریوں سے حاصل کردہ علم کے عملی اطلاق سے اور کیمروں کے ذریعے اجرامِ سماوی کی منظر کشی کرنے والی خصوصی کمیونٹی کی تعداد بڑھانا ہے۔ یہ سرگرمیاں شرکا کی مہارتوں کو نکھاریں گی اور اُن کی اجرامِ سماوی کی عکاسی کو مزید بہتر بنائیں گی۔

پروگرام کے شرکا کو العلا کے منتخب مقامات کی تصویریں بنانے کے مواقع ملتے ہیں جن میں قدرتی ریزرو اور وہ جگہیں بھی ہیں جہاں پر ہر کسی کو رسائی دستیاب نہیں۔ اِن مواقع سے آسمانی اجرام کی فوٹوگرافی کے شوقین افراد ایسے فلکی اور قدرتی مناظر کی عکاسی کر سکتے ہیں جہاں دوسرے نہیں جا سکتے اور ساتھ ساتھ انھیں لینڈ سکیپ اور رات کے آسمان کی فوٹوگرافی کا تجربہ بھی حاصل ہوتا ہے۔

یہ مملکت میں اپنی نوعیت کا پہلا انیشیٹیو ہے جس کے تحت خصوصی طور پر اجرامِ فلکی کی تصویر کشی کرنے والے امبیسڈرز کو تعاون فراہم کیا جاتا ہے اور اُن کی مدد کی جاتی ہے۔ اس پروگرام سے شرکا کو بااختیار بنایا جاتا ہے تاکہ وہ اپنے کام سے فلکی سیاحت کے فروغ کا باعث بنیں اور رات کے وقت العلا کے خوبصورت آسمانوں اور اِس کے منفرد قدرتی مناظر کو دنیا کے سامنے لائیں۔