جدہ کی تیرتی ہوئی مسجد الرحمہ: بحیرۂ احمر کے کنارے اسلامی طرزِ تعمیر کا منفرد شاہکار
یہ مسجد سمندر کے اوپر پل اور ستونوں پر تعمیر کی گئی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
جدہ کے شمالی ساحل کے ساتھ واقع مسجد الرحمہ کا طرزِ تعمیر ایک منفرد لینڈ مارک ہے جو شہر کے سی فرنٹ کی شناخت ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اسے فلوٹنگ یا تیرتی ہوئی مسجد بھی کہا جاتا ہے جو سمندر کے اوپر پل اور ستونوں پر تعمیر کی گئی ہے۔
تاہم اس کی اہمیت محض اس نام تک محدود نہیں۔ گزشتہ دہائیوں کے دوران یہ جدہ کے ساحلی منظر نامے اور اس کی بصری شناخت کا ایک لازمی حصہ بن چکی ہے جہاں عبادت کا سکون، فن تعمیر کی انفرادیت اور فطرت کا حسن یکجا ہیں۔
مسجد کا ڈیزائن اسلامی فنِ تعمیر اور جدید طرزِ تعمیر کا ایک حسین امتزاج ہے۔ مسجد کے مرکز میں ایک بڑا گنبد ہے جس کے گرد محرابیں ہیں۔
مسجد کا مینار ایک متوازن ساخت کے ساتھ بلند ہے جو مسجد کے بیرونی حصے کو مزید پر وقار بناتا ہے اور اسے ارد گرد کے سمندری ماحول کے ساتھ ہم آہنگ کرتا ہے۔

مسجد کے اندر اسلامی فن تعمیر سے متاثرہ خطاطی، جیومیٹرک ڈیزائن اور دیگر آرائشی عناصر موجود ہیں۔ کھڑکیوں سے آنے والی قدرتی روشنی مسجد کے ہال میں ایک پُرسکون ماحول پیدا کرتی ہے۔
