Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رغدان فورسٹ پارک: آبشاروں اور ندیوں سے لیونڈر گارڈن کی دلکشی میں اضافہ

سعودی عرب کا پرفضا مقام الباحہ ٹھنڈے موسم، دلکش سرسبز مقامات اور خوبصورت پارکوں کی وجہ سے مملکت بھر سے آنے والے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
ریجن کے رغدان فورسٹ پارک کے مرکز میں واقع لیونڈر گارڈن میں واٹر ویز اور آبشاروں نے اس مقام کی قدرتی خوبصورتی کو مزید بڑھا دیا ہے۔
الباحہ میونسپلٹی نے ان واٹر ویز کو قدرتی وادی کے راستوں کے ساتھ تیار کیا ہے۔ ان پر لکڑی کے پل تعمیر کیے گئے ہیں جبکہ پانی چینلز اور آؤٹ لیٹس کے ذریعے بہتا ہے۔ ان واٹر ویز کے ساتھ واک ویز اور دیگر جمالیاتی عناصر بھی شامل کیے گئے ہیں جو سیاحوں اور فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے دل موہ لینے والے مناظر پیش کرتے ہیں۔
لیونڈر گارڈن اور رغدان فورسٹ پارک کا مرکزی علاقہ 20 ہزار مربع میٹر سے زیادہ وسیع ہے، اس میں 8 ہزار سکوائر میٹر کا سینٹرل پلازہ، 5 ہزار مربع میٹر کا لیوینڈر گارڈن، 500 میٹر کا قدرتی پتھر کا واک وے اور ایک واک وے ہے جو لک آؤٹ نمبر دو کی طرف جاتا ہے جہاں سے الباحہ کے پہاڑی ڈھلوانوں اور تہامہ کے میدانوں کا نظارہ دیکھا جا سکتا ہے۔
میونسپلٹی نے اس سائٹ کو بہتر بنانے کے لیے تقریباً 270 لائٹنگ  پول، آرائشی ماڈل، فلاور بیڈ، بیٹھنے کی جگہیں، لکڑی کے واک ویز اور کمرشل کیوسک شامل کیے ہیں۔
لیونڈر گارڈن الباحہ میونسپلٹی کے منصوبوں میں سے ایک ہے تاکہ رغدان فورسٹ پارک میں میونسپلٹی سہولتوں کو ترقی دی جا سکے اور اس پارک کو ایک علاقائی سیاحتی مقام کے طور پر مزید پرکشش بنایا جا سکے۔

یاد رہے کہ الباحہ ریجن سعودی وژن 2030 کے تحت آنے والے آٹھ  سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ یہاں پورا سال عموماً اور موسم گرما کی چھٹیوں کے دوران خصوصاً بہت بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

شیئر: