آسماں سے برستے موتی، سیراب ندیاں، شاداب سبزہ اور دلکشی سے آباد وادیاں: یہ الباحہ ہی ہے نا؟
الباحہ ریجن کی وادیاں موسم گرما میں سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہیں۔ بارشیں وادیوں کے ندی اور نالوں کو پانی سے بھر دیتی ہیں، نباتات کو تازگی بخشتی ہیں جس سے دلکش مناظر اور قدرتی حسن ہر طرف اپنا جادو جگانا شروع کر دیتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق علاقے میں سیر وتفریح کے لیے آنے والے افراد، فوٹو گرافی اور ہائیکنگ کے شوقین ان بہتے ہوئے ندی نالوں اور سر سبز مقامات سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
الباحہ کے یہ قدرتی مناظر جہاں علاقے کے حیاتیاتی تنوع کو نمایاں کرتے ہیں، وہیں موسم گرما کے نمایاں سیاحتی مقامات میں سے ایک کے طور پر اس کی کشش کو مزید بڑھاتے ہیں۔
الباحہ ریجن جہاں السراۃ کے بلند پہاڑی سلسلے اور تھامہ کے میدانی علاقے ایک دوسرے سے ملتے ہیں جہاں وادیوں کے سرسبز میدان اورمختلف قدرتی علاقے اپنے قدرتی حسن سے مسحور کن نظارے پیش کرتے ہیں۔

یہاں کی وادیاں پہاڑوں ارو میدانوں سے گزرتی ہیں۔ ان کے اطراف گھنے درخت، جنگلی پودے اور لہلہاتے کھیت خطے کے مختلف علاقوں میں زرعی سرگرمیوں کے تسلسل اور پائیداری کو تقویت دیتے ہیں۔
الباحہ میں متعدد معروف وادیاں موجود ہیں جن میں وادی بیدہ، العقیق کمشنری کی وادی ثراد اور المخواہ کمشنری کی وادی الاحسبہ نمایاں ہیں۔ یہ وادیاں اپنے متنوع جغرافیے، گھنے نباتاتی ذخیرے اور قدرتی حسن کے باعث شہرت کی حامل ہیں، جبکہ ماحولیاتی اور زرعی اعتبار سے بھی خطے کی قدرتی دولت کی عکاسی کرتی ہیں۔

علاقے میں ہونے والی بارشوں کے بعد سیر و تفریح کے لیے آنے والے یہاں کے دلکش مناظر سے نہ صرف لطف اندوز ہوتے ہیں بلکہ انہیں اپنے کیمروں میں محفوظ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
حکام نے وزیٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ وادیوں کی صفائی برقرار رکھنے اور ان کے قدرتی ماحول کے تحفظ میں مدد کریں۔
