تین ماہ میں 15.2 ملین افراد نے عمرہ ادا کیا: سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات
اندرون مملکت کے عمرہ زائرین کی مجموعی تعداد 9.5 ملین رہی ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے کہا ہے کہ 2026 کے عمرہ سیزن کی پہلی سہ ماہی میں 15.2 ملین افراد نے عمرہ ادا کیا۔ اس میں اندرون مملکت کے عمرہ زائرین کی مجموعی تعداد 9.5 ملین رہی۔
رپورٹ کے مطابق عمرہ زائرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 52 لاکھ 33 ہزار767 تک پہنچ گئی۔ ان میں مردوں کی تعداد 56.4 فیصد اور خواتین کا تناسب 40.6 فیصد ہے۔ سعودی معتمرین کی تعداد 28.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد 57 لاکھ 69 ہزار 271 تک پہنچ گئی جس میں 27 لاکھ 77 ہزار 904 مرد اور 29 لاکھ 91 ہزار 367 خواتین شامل ہیں۔ مردوں کی تعداد 48.2 فیصد اور خواتین کی 51.8 فیصد رہی ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق بیرون مملکت سے آنے والے زائرین میں سے 86 فیصد ائیرپورٹ، 13.6 فیصد بارڈر کراسنگ اور 0.4 فیصد سی پورٹ کے ذریعے مملکت پہنچے۔
یاد رہے سعودی عرب نے نئے عمرہ سیزن کے لیے اتوار 31 مئی 2026 بمطابق 14 ذو الحجہ سے عمرہ ویزے کا اجرا اور زائرین کے مملکت میں داخلے کا آغاز کیا تھا۔

وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری عمرہ سیزن کیلنڈر کے مطابق عمرہ ویزوں کے اجرا کی آخری تاریخ یکم شوال، 9 مارچ 2027 مقرر کی گئی ہے جبکہ عمرہ زائرین کے مملکت میں داخلے کی آخری تاریخ 15 شوال، 23 مارچ 2027 ہے۔
وزارت کے مطابق’ 30 شوال،7 اپریل 2027 عمرہ زائرین کی روانگی کی آخری تاریخ ہوگی۔‘
