Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ زائرین کی بہتر خدمت کے لیے وزارتِ حج و عمرہ کا ’نُسک مرحبا‘ انیشیٹیو

اقدام کے تحت اب تک 9 لاکھ سے زائد زائرین کو خدمات فراہم کی گئیں (فوٹو: ایس پی اے)
وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے عمرہ زائرین کی بہتر خدمت کے حوالے سے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں، جن میں ’نُسک مرحبا‘ کے عنوان سے جاری انیشیٹیو کے تحت 9 لاکھ سے زائد عمرہ زائرین کا خیر مقدم کیا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت کا کہنا ہے کہ ’نُسک مرحبا‘ اقدام مملکت کے تمام بری، فضائی اور سمندری راستوں سے عمرہ زائرین کی آمد و رفت کے امور کو بہتر اور منظم بنانے کے لیے جاری کیا گیا ہے۔
اقدام کا مقصد عمرہ زائرین کی آمد و روانگی کے مراحل میں انہیں ہر ممکن سہولت اور رہنمائی فراہم کرنا ہے تاکہ زائرین کو ہوائی اڈوں یا سرحدی چوکیوں پر کسی قسم کی دقت و پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
’نُسک مرحبا‘ کی ٹیمیں ہوائی اڈوں اور بری سرحدی چوکیوں پر تعینات ہوتی ہیں جو خوش دلی سے آنے والے عازمین کا استقبال کرتی اور روانگی پر انہیں الوداع کہتی ہیں۔
مرحبا کی ٹیمیں ہوائی اڈوں اور چوکیوں پر عازمین کی درست اور بہتر انداز میں رہنمائی اور متعلقہ اداروں اور خدمات تک رسائی کو آسانی بنانے میں معاونت فراہم کرتی ہیں۔
وزارت نے بہتر رہنمائی کو یقینی بنانے کے لیے اعلی تربیت یافتہ اور مختلف زبانوں پر عبور رکھنے والے عملے کو متعین کیا ہے تاکہ مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے زائرین کو اُن کی زبان میں ہی درست معلومات مہیا کی جا سکیں۔

 مختلف زبانوں پر عبور رکھنے والوں کو تعینات کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

وزارت کے مطابق رواں عمرہ سیزن کے آغاز سے اب تک ’نُسک مرحبا‘ اقدام سے اب تک 9 لاکھ 22 ہزار 913 سے زائد عمرہ زائرین مستفیض ہو چکے ہیں۔
نُسک مرحبا اقدام کے تحت 292 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا جبکہ خدمات کے معیار کی نگرانی کے لیے 4 ہزار 33 فیلڈ دورے بھی کئے گئے ہیں، جن کا مقصد معیار کو بہتر سے بہتر بنانا تھا۔
وزارت کا مزید کہنا تھا کہ ’نُسک مرحبا‘ اقدام کے تحت مملکت کے مختلف شہروں میں 25 سے زائد زمینی، فضائی اور بحری راستوں پر خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے زائرین کی نقل و حرکت منظم اور مختلف سرکاری اداروں کے درمیان تعاون مضبوط ہوتا ہے۔

 

شیئر: