شاہی مہمان: 23 یورپی اور ایشیائی ملکوں کے 250 عمرہ زائرین کل مدینہ پہنچیں گے
وزارت مذہبی امور نے خیر مقدم کے لیے تیاریاں مکمل کرلیں ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی وزارت اسلامی امور نے اس سال ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت آنے والے عمرہ زائرین کے دوسرے گروپ کے خیر مقدم کے لیے تیاریاں مکمل کر لیں۔
الاخباریہ کے مطابق 23 ایشیائی اور یورپی ملکوں کے 250 افراد پر مشتمل دوسرا گروپ بدھ 5 اگست کو مدینہ منورہ پہنچے گا۔
دوسرے گروپ میں بوسنیا ہر زیگوینا، البانیہ، کوسوو، شمالی مقدونیہ، سربیا، مونٹی نیگرو، یونان، بلغاریہ، رومانیہ، سلووینیا، فرانس، برطانیہ، سپین، جرمنی، آسٹریلیا، سلواکیہ، ایسٹونیا، پولینڈ، سوئٹزر لینڈ، شام، اردن اور عراق کے عمرہ زائرین شامل ہیں۔
وزارت اسلامی امور نے عمرہ زائرین کے لیے ایک متنوع پروگرام تیار کیا ہے، جس میں مکہ مکرمہ آمد سے قبل مسجد نبوی کی زیارت، مدینہ منورہ کے تاریخی اور اسلامی مقامات کے دورے شامل ہیں۔
جبکہ مکر مکرمہ میں کنگ عبدالعزیز فیکڑی (کسوہ) اور غار حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کا دورہ کر یں گے۔
یاد رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ذاتی خرچ پر مختلف ملکوں سے ایک ہزار افراد کو عمرہ کرانے کی منظوری دی ہے۔
یہ دورہ، وزارت اسلامی امور کے ثقافتی اور تعلیمی پروگرام کا حصہ ہے۔ جس کا مقصد مہمانوں کے تجربات کو بہتر بنانا اور انہیں یہ دکھانا ہے کہ مملکت مقدس مساجد اور اسلامی و تاریخی مقامات کی دیکھ بھال پر کس قدر توجہ دے رہی ہے۔
