سعودی ولی عہد کی پیرس میں ای سپورٹس ورلڈ کپ کی اختتامی تقریب میں شرکت
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اتوار کو پیرس میں فرانسیسی صدر ایمانویل میکخواں کے ہمراہ سپورٹس ورلڈ کپ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔
اس ایونٹ میں سعودی ولی عہد کی شرکت سے گیمنگ انڈسٹری اور ای سپورٹس سیکٹر کے لیے ان کی مسلسل سپورٹ اور انڈسٹری کی گلوبل گروتھ اور ڈیولیپمنٹ میں مملکت کو سرفہرست لانے کے وژن کا اظہار ہوتا ہے۔
یاد رہے ای سپورٹس ورلڈ کپ کی اختتامی تقریب اپنے قیام کے بعد پہلی مرتبہ سعودی عرب سے باہر پیرس میں منعقد ہوئی ہے۔
یہ ایونٹ جو کمپیوٹر گیمز سے لے کر شطرنج تک کے نمایاں ای سپورٹس پلیئر کو اکھٹا کرتا ہے سعودی دارالحکومت ریاض نے پہلے دو ایڈیشنز کی میزبانی کی تھی تاہم خطے کی غیر یقینی جغرافیائی اور سیاسی صورتحال کے باعث 2026 میں اس ایونٹ کے لیے ایک نئے مقام کا انتخاب ضروری ہوگیا۔
پیرس میں تین جولائی سے شروع ہونے والے اس ایونٹ نے 100 سے زیادہ ملکوں کے دو ہزار پلیئرز اور 200 کلبوں کو متوجہ کیا ہے۔

چینی ٹیم آل گیمرز نے سعودی عرب کی ڈبل چیمپیئن ٹیم فالکنز کو ہرا کر وڈیو گیمنگ ای سپورٹس ورلڈ کپ جیت لیا۔
آل گیمرز نے پانچ ہزار 300 کے مجموعی پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی اور ٹائٹل اپنے نام کرکے سات ملین ڈالر کا بڑا انعام جیتا ہے۔
فرانسیسی صدر نے ایونٹ کے فاتحین میں ٹرافیاں تقسیم کیں اور نمایاں گیمرز سے ملاقات بھی کی۔
یہ تقریب اس مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ فرانس اور سعودی عرب کھیل اور ثقافت کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ بنانا چاہتے ہیں۔

ای سپورٹس ورلڈ کپ 2026 کے ایڈیشن میں شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ای سپورٹس مقابلوں کے ٹکٹوں کی فروخت میں 94 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دنیا بھر میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر 850 ملین سے زیادہ افراد نے ان مقابلوں کو دیکھا جبکہ 47 زبانوں میں دستیاب عالمی مواد کے ذریعے دیکھنے کا مجموعی وقت 440 ملین آورز سے زیاد رہا ہے۔

ایونٹ کو او ٹی ٹی پارٹنرز، سٹریمنگ پلیٹ فارمز اور ڈیجیٹل سروسز کے ذریعے 160 ملکوں میں نشر کیا گیا۔ توقع ہے مقابلے کے دوران کل سات ہزار گھنٹے کی لائیو پروگرامنگ تیار ہو گی۔
ای سپورٹس ورلڈ کپ کا آئندہ ایڈیشن سعودی عرب کی میزبانی میں واپس لائے جانے کا منصوبہ ہے۔
