Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد ایئرپورٹ پر بین الاقوامی معیار کی سہولتیں، ’خوش آمدید‘ سروس کا آغاز

وفاقی سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی نے نئی سروس کا افتتاح کیا ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
پاکستان کی وزارتِ دفاع کے زیرِ اہتمام اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت اور مہمان نوازی کے لیے خصوصی سروس ’خوش آمدید‘ کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔
وفاقی سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور اس نئی سروس کا افتتاح کیا۔
اسلام آباد سے مدینہ منورہ سفر کرنے والے پہلے مسافر نے اس سروس کی پہلی بکنگ کروا کر اسے فعال کیا ہے۔
تقریب میں کمرشل ایوی ایشن، ٹریول اور ہوٹلنگ کے شعبے کی اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی، پی آئی اے کے سینیئر افسران، پاکستان میں آپریٹ کرنے والی کمرشل ایئرلائنز کے سربراہان اور کنٹری ہیڈز کے علاوہ ہوٹلنگ اور سیاحت کے شعبے سے وابستہ اہم شخصیات شامل تھیں۔
یہ سروس خلیجی اور یورپی ایئرپورٹ پر فراہم کی جانے والی بین الاقوامی سہولتوں کے معیار کے مطابق میٹ اینڈ اسسٹ (استقبال و معاونت) کی خدمات پیش کرتی ہے۔
اس سروس کے تحت مسافروں کو خصوصی طور پر مختص سکیورٹی و چیک اِن کوریڈور کی سہولت میسر ہوگی، جس سے وہ ایئرپورٹ پر لمبی قطاروں اور رش سے بچ سکیں گے۔
اس میں مختلف کیٹیگریز کے تحت پریمیم لاؤنجز تک رسائی اور ایئرپورٹ پک اینڈ ڈراپ کی سہولت شامل ہوں گی۔ یہ سروس سفارتکاروں، کاروباری شخصیات اور بڑے وفود کے سفر کے لیے کارآمد ہو گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری دفاع نے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ ’کسی بھی ملک کے ایئرپورٹ اس کی ثقافت اور معیشت کا پہلا باب ہوتے ہیں۔‘ 
لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی نے کہا ’کسی بھی ملک میں داخلے کا پہلا تاثر ہمیشہ اس کے ایئرپورٹ پر قائم ہوتا ہے، اس لیے ایوی ایشن کے شعبے میں اعلیٰ معیار کی مہمان نوازی دنیا بھر میں پاکستان کے ایک روشن اور تابناک تاثر کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔‘ 
انہوں نے واضح کیا’ وزارتِ دفاع ملک بھر کے ایئرپورٹس پر مسافروں کے لیے جدید سہولتوں کی فراہمی اور بہتری کے لیے پرعزم ہے۔‘
انہوں نے ’خوش آمدید‘ کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ پاکستانی عوام اور بین الاقوامی مسافروں کو بہترین اور اعلیٰ درجے کی خدمات فراہم کریں تاکہ ایوی ایشن ہاسپٹلٹی میں نئے معیارات قائم کیے جا سکیں۔
’خوش آمدید‘ سروس کا آغاز مسافروں کے سفری تجربے کو بہترین بنانے، ٹرانزٹ کے عمل کو آسان ترین کرنے اور شہری ہوا بازی کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی مسلسل کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے۔

 

شیئر: