ریاض ایئرپورٹ پر ’سائلنٹ ایئرپورٹ‘ پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کا آغاز
اس کا مقصد مسافروں کو پر سکون اور آرام دہ سفر کا تجربہ فراہم کرنا ہے ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے بین الاقوامی ٹرمینل نمبر 5 پر ’سائلنٹ ایئرپورٹ‘ پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کا آغاز کیا ہے۔ اس پروجیکٹ کو مرحلہ وار نافذ کیا جا رہا ہے۔
اس پروجیکٹ کا مقصد پبلک اناؤنسمنٹ کو کم کر کے مسافروں کو ایک پر سکون اور زیادہ آرام دہ سفر کا تجربہ فراہم کرنا، انہیں ڈیپارچر گیٹس تک محدود کرنا ہے۔
اس کے ساتھ مسافروں تک معلومات کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل سکرینز اور چینلز پر انحصار کو مزید بڑھانا ہے۔
مسافر اب ایئرپورٹ کے واٹس ایپ نمبر، ویب سائٹ، نوٹیفیکیشنز اور ’آسک می‘ ٹیم کے ذریعے اپنی فلائٹ اپ ڈیٹس کو فالو کر سکتے ہیں۔
ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے پروجیکٹ کے دیگر مراحل کے نفاد کا اعلان مقررہ وقت پر کیا جائے گا۔
واضح رہے گزشتہ برس کی سکائی ٹریکس انڈیکس میں کنگ خالد انٹرنیشل ایئرپورٹ نے نمایاں پوزیشنز حاصل کیں۔

جن میں مشرق وسطی میں بہترین ایئرپورٹ، دنیا بھر میں بہترین نیا بین الاقوامی ٹرمینل ( ٹرمینل نمبر ون) میں تیسری رینکنگ اور مشرق وسطی کے بہترین ایئرپورٹس میں چوتھی جبکہ 30 سے 40 ملین مسافروں کی کیٹیگری میں بھی چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
سکائی ٹریکس برطانیہ میں قائم ایک عالمی ادارہ ہے جو دنیا بھر کے ہوائی اڈوں اور فضائی کمپنیوں کی سروسز اور مسافروں کے تجربات کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ مرتب کرتا ہے۔
