فلائی ناس کا دمام اور کراچی کے درمیان براہ راست پروازیں چلانے کا اعلان
دونوں شپروں کے درمیان ہفتے میں تین براہ راست پروازیں چلائی جائیں گی ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی عرب کی لو بجٹ ایئرلائن فلائی ناس نےدمام اور کراچی کے درمیان 9 ستمبر 2026 سے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان ہفتے میں تین براہ راست پروازیں چلائی جائیں گی۔
دمام، کراچی روٹ کا اضافہ فلائی ناس کی سٹریٹیجک ترقی اور توسیعی منصوبے کا حصہ ہے جو قومی ایوی ایشن حکمت عملی کے اہداف سے ہم آہنگ ہے جس کے تحت 2030 تک سعودی عرب کو 250 سے زیادہ بین الاقوامی مقامات سے جوڑنا اور سالانہ 330 مسافروں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
فلائی ناس کے چھ اہم مراکز ریاض، جدہ، مدینہ منورہ، دمام، قصیم اور ابہا میں آپریشنل بیس موجود ہیں۔
ائیرلائن دو ہزار سے زیادہ ہفتہ وار پروازوں کے ذریعے 38 ملکوں میں 80 سے زیادہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل مقامات کے لیے 156 روٹس آپریٹ کر رہی ہے۔

2007 کے آغاز کے بعد سے 110 ملین سے زیادہ مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے، اس کا ہدف سعودی وژن 2030 کے مطابق 165 ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل مقامات تک پہنچنا ہے۔
