سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کا علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
وزرائے خارجہ نے علاقائی کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں پر بھی بات کی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بدھ کو قطر اور ترکیہ کے ہم منصبوں نے ٹیلی فون پر رابطے کیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے قطری وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی اور ترک ہم منصب ہاکان فیدان کے ساتھ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزرائے خارجہ نے علاقائی کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں پر بھی بات کی جو خطے کی سلامتی اور استحکام کو بڑھانے کے حوالے سے جاری کوآرڈینشن اور مشترکہ کوششوں کے فریم ورک کے اندر کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے گزشتہ روز سعودی کابینہ کے اجلاس میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال، کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے، جامع اور پائیدار سفارتی حل کی سپورٹ کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس نے ریاستی خود مختاری اور بین الاقوامی قانون کے احترام پر زور دیا جبکہ علاقائی تنازعات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے کے حوالے سے مملکت کی سپورٹ کے موقف کو دہرایا۔
