انٹرنیشنل فالکن بریڈرز آکشن 2026 کا اختتام ، 33 ملین ریال کی ریکارڈ فروخت
نیلامی میں سب سے مہنگا فالکن 1.3 ملین ریال میں فروخت ہوا ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی نیشنل سینٹر فار فالکنز کے تحت انٹرنیشنل فالکن بریڈرز آکشن 2026 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔
ریاض کے شمال میں واقع ملہم میں 5 سے 25 اگست تک جاری رہنے رہنے والے ایونٹ میں 24 ملکوں کے 90 سے زائد فالکن بریڈرز فارمز نے شرکت کی۔
ایس پی اے کے مطابق نیلامی میں 33 ملین ریال سے زیادہ مالیت کے دو ہزار 200 فالکنز کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔
سینٹر کے سی ای او طلال الشمیسی نے بتایا اس ایونٹ نے مقامی اور بین الاقوامی فالکن پالنے والوں، فالکنرز اور خریداروں کو ایک جگہ اکھٹا کیا۔
نیلامی میں ایک فالکن 1.3 ملین ریال میں فروخت ہوا جو اس سال فروخت کیے جانے والا سب سے مہنگا اور اس ایونٹ کی تاریخ کا دوسرا مہنگا ترین فالکن ہے۔

انہوں نے کہا اس ایونٹ کی کامیابی فالکن پالنے والوں اور فالکنرز کے لیے ایک عالمی مرکز کے طور پر مملکت کی پوزیشن کو مضبوط کرتی ہے۔
نیشنل سینٹر فار فالکن، قومی فالکنری ورثے کو محفوظ رکھنے کے ساتھ نیلامی اور اس کے پروگراموں کو مزید بہتر بناتا رہے گا۔
ایونٹ کے دوران مختلف سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔ ان میں فالکنری ایکوپمنٹ، فالکنری آف دی فیوچر زون، آگاہی پروگرام کے علاوہ فالکنری مقابلے کے ضوابط، بریڈنگ سینٹر لائسنسنگ اور اینٹی ڈوپنگ اقدامات پر ورکشاپس شامل تھیں۔

علاوہ ازیں نیلامی کی آخری رات تین فالکنز تین لاکھ 49 ہزار ریال میں فروخت کیے گیے۔ پولش فارم کا پہلا فالکن 32 ہزار ریال میں فروخت ہوا۔
رومانیہ کے فارم کا فالکن 46 ہزار ریال جبکہ کینیڈین فارم کے فالکن کی بولی لاکھ ریال سے شروع ہوئی اور اسے دو لاکھ 71 ہزار ریال میں فروخت کیا گیا۔
