بازوں کی نیلامی کو دلچسپ بنانے کے لیے نئے قوانین متعارف
جمعرات 30 جولائی 2026 9:10
یہ نیلامی دنیا بھر کے باز پروروں کے لیے ایک اہم ترین مرکز کی حیثیت رکھتی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
انٹرنیشنل فالکن بریڈرز آکشن نے 2026 کے ایڈیشن کے لیے نئے قوانین متعارف کروائے ہیں جس کے تحت صرف ان ہی بازوں کو تمام مقامی اور بین الاقوامی چِک ریسنگ کے زمروں میں مقابلہ کرنے کا اہل قرار دیا گیا ہے جو اس نیلامی کے ذریعے فروخت ہوں گے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس اقدام سے بریڈرز، سرمایہ کاروں اور خریداروں کے لیے مواقع میں بھرپور اضافہ ہوگا۔
اس اقدام سے خریداروں کی دلچسپی اور خریدو فروخت کی سرگرمیوں میں مزید اضافے کی بھی توقع ہے، خاص طور پر 2025 کی ریکارڈ کامیابی کے بعد، جس میں 67 بریڈنگ فارمز کی شرکت کے ساتھ 1,103 باز فروخت ہوئے اور ایک کروڑ 30 لاکھ سعودی ریال (تقریباً 35 لاکھ ڈالر) سے زائد کی مجموعی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
نئے قواعد کے تحت نیلامی کے ذریعے خریدا جانے والا ہر باز مقررہ قوانین و ضوابط کے مطابق مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے اہل تصور کیا جائے گا۔ اس کے نتیجے میں اب خرید و فروخت کے فیصلے نیشنل سینٹر فار فالکنز کے زیرِ اہتمام یا مشترکہ تعاون سے منعقد ہونے والی ریسز میں شرکت کے موقع سے منسلک ہوں گے جہاں کل انعامی رقم پانچ کروڑ سعودی ریال تک رکھی گئی ہے۔
اس نئی ترغیب سے نیلامی میں سرمایہ کاروں اور خریداروں کی کشش میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ نسلی خصوصیات، بریڈنگ کے معیار اور قیمت کے ساتھ ساتھ اب نئے مالکان باز کی ریسنگ کی صلاحیت اور اس کی نسل کی کارکردگی کو بھی مدِنظر رکھیں گے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ اس اقدام سے ’ملواح‘ ریسنگ کیٹیگری کے لیے موزوں بازوں کی مانگ میں اضافہ ہوگا اور ایسے خریداروں کا دائرہ بھی وسیع ہوگا جو بہترین بریڈنگ کے ساتھ مقابلے کی صلاحیت رکھنے والے پرندے خریدنا چاہتے ہیں۔
دی نیشنل سینٹر فار فالکنز پانچ اگست سے 25 اگست تک ریاض کے شمال میں واقع ملھم میں اپنے ہیڈکوارٹر میں انٹرنیشنل فالکن بریڈرز آکشن منعقد کرے گا۔

اس سال کی نیلامی میں مقامی اور بین الاقوامی فارمز، بازوں کے سامان اور دیکھ بھال کے آلات کے سٹالز اور فالکنر آف دی فیوچر نامی پویلین کے علاوہ، مختلف انٹرایکٹیو نمائشیں اور نایاب بازوں کی لائیو نیلامی کا پلیٹ فارم بھی شامل ہوگا۔
یہ نیلامی دنیا بھر کے باز پروروں کے لیے ایک اہم ترین مرکز کی حیثیت رکھتی ہے جو انہیں اور وزیٹرز کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر پالی گئی اعلیٰ ترین نسل کے باز کا مشاہدہ کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

اس کے علاوہ یہ سینٹر مزید کئی خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد بھی کرے گا جن میں یکم سے 10 اکتوبر تک منعقد ہونے والی انٹرنیشنل سعودی فالکنز اینڈ ہنٹنگ ایگزیبیشن، چار سے 9 اکتوبر تک المواح ریس، یکم اکتوبر سے 30 نومبر تک نیشنل فالکن سینٹر آکشن اور 17 سے 30 نومبر تک جاری رہنے والا کنگ عبدالعزیز فالکنری فیسٹیول شامل ہیں۔
