Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انٹرنیشنل بریڈرز آکشن: سب سے مہنگا فالکن 1.3 ملین ریال میں فروخت

ساتویں رات سال کی سب سے مہنگی فروخت کا ریکارڈ قائم ہو گیا۔(فوٹو: ایس پی اے)
ریاض کے شمال میں واقع ملہم میں نیشنل سینٹر فار فالکنز کے ہیڈ کوارٹر میں جاری انٹرنیشنل فالکن بریڈرز آکشن 2026 کی ساتویں رات سال کی سب سے مہنگی فروخت کا ریکارڈ قائم ہو گیا۔
ایک ’موٹلڈ جیرسپر وائٹ‘ کمسن فالکن 1.3 ملین ریال میں فروخت ہوا جو نیلامی کی تاریخ کے لحاظ سے دوسرا مہنگا فالکن ہے۔
ایس پی اے کے مطابق کینیڈین فارم سے تعلق رکھنے والے دو فالکن 1.45 ملین سعودی ریال میں فروخت ہوئے۔
 ایک خالص جیر فالکن کے کمسن بچے کی بولی 40 ہزار ریال سے بولی شروع ہوئی اور ڈیڑھ لاکھ ریال میں فروخت ہوا۔ دوسرا موٹلڈ جیر کمسن بچے کی بولی دو لاکھ  ریال سے شروع ہونے کے بعد 1.3 ملین ریال پر ختم ہوئی۔
گزشتہ سال کی نیلامی میں ایک امریکی فارم کا ’سپر وائٹ خالص جیر فالکن‘ 1.2 ملین سعودی ریال میں فروخت ہوا تھا۔
جبکہ اس سے قبل ہونے والی نیلامیوں میں ایک ’الٹرا وائٹ خالص موٹلڈ جیر‘ کمسن بچہ 1.75 ملین سعودی ریال میں فروخت ہوا تھا جو نیلامی کی تاریخ کا سب سے مہنگا فالکن ہے۔
یہ نیلامی 25 اگست تک جاری رہے گی، جس کی براہِ راست نشریات ٹیلی ویژن چینلز پر اور نیشنل سینٹر فار فالکنز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر لائیو سٹریم کی جا رہی ہیں۔
نیلامی میں رکھے گئے بازوں میں جیر فالکن، پیریگرین، شاہین اور ان کی مختلف اقسام شامل ہیں۔ بریڈرز اور فالکنرز کی جانب سے مطلوبہ خصوصیات، فالکن کے استعمال کے مقصد کے مطابق مختلف ہوتی ہیں۔
ریسنگ فالکنز کے لیے نسل، رفتار، جسمانی فٹنس، اور اس کے خاندان کی سابقہ کامیابیاں اہم سمجھی جاتی ہیں جبکہ خوبصورتی کے مقابلوں میں فالکن کے قد وقامت، رنگ، سر، پروں اور سینے کے ساتھ ساتھ دیگر ایسی خصوصیات کو بھی جانچا جاتا ہے جنہیں تجربہ کار فالکن ہینڈلرز اہم سمجھتے ہیں۔

شیئر: