مکہ میں بارش: مسجد الحرام میں زائرین کی دعائیں، عبادت میں مصروف رہے
کلاک ٹاور پر آسمانی بجلی چمکنے کی تصاویر اور وڈیوز وائرل ہیں۔( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی عرب میں بدھ کی رات مکہ مکرمہ سمیت کئی علاقوں میں بارش کی اطلاعات ہیں۔
ایس پی اے کےمطابق مسجد الحرام میں عمرہ زائرین نے بارش کے دوران نماز ادا کی، طواف اور عبادت میں مصروف رہے۔ دعائیں بھی کیں۔
بارش کے دوران مسجد الحرام اور کلاک ٹاور پر آسمانی بجلی چمکنے کی تصاویر اور وڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
حرمین شریفین انتظامیہ نے بارش کے دوران زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے۔
مطاف، نماز کے مقامات، داخلی راستوں پر فوری طور پر پانی کی نکاسی اور فرش خشک کیے جانے کو یقینی بنایا گیا۔
یاد رہے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے ممکت کے کئی علاقوں میں بارش کا الرٹ جاری کیا تھا۔
سعودی عرب میں نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی نے مکہ ریجن کے کئی علاقوں میں جمعرات کو بھی رات آٹھ بجے تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
سینٹر نے عوام پر زور دیا کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ بارش کے جمع ہونے والے مقامات کے ساتھ وادیوں کے نشیبی علاقوں اور ڈیموں سے دور رہیں۔
مکہ شہر کے علاوہ ریجن کے علاقے القنفذہ، رابغ، خلیص، اللیث، بحیرہ، اضم، بنی یزید، میسان اور یلملم بارش کی زد میں رہیں گے۔