سعودی عرب میں موسم خزاں کے دوران معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان
ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے لیے موسمی پیشگوئی جاری کی گئی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں اس سال موسم خزاں کے دوران مملکت کے بیشتر علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔ اکتوبر میں سب سے زیادہ بارش متوقع ہے۔
سعودی نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی نے ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے لیے موسمی پیشگوئی جاری کی ہے۔ اس کا مقصد حکام کو متوقع موسمی صورتحال سے نمنٹے میں مدد دینا ہے۔
ستمبر میں مدینہ، تبوک، الجوف اور حائل کے ساتھ مکہ، ریاض، قصیم، حدود الشمالیہ اور الشرقیہ ریجن میں معمول سے زیادہ بارش کا امکان ہے۔
یہ پیشگوئی ایسے وقت سامنے آئی ہے جب جمعے کو مملکت کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کی اطلاعات ہیں۔
جازان، عسیر، الباحہ، مکہ اور مدینہ کے بعض علاقوں میں درمیانے درجے سے شدید بارش کا امکان ہے تاہم جازان میں بارش معمول سے کم رہنے کی توقع ہے جبکہ مملکت کے دیگر علاقوں میں معمول کے مطابق بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اکتوبر میں جازان، عسیر، الباحہ، مکہ، مدینہ، تبوک، الجوف، حائل، قصیم حدود الشمالیہ سمیت کئی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔ ریاض، الشرقیہ اور نجران کے بعض علاقوں میں بھی یہی صورتحال رہے گی۔
اکتوبر میں موسم خزاں اور پھر نومبر میں بھی معمول سے زیادہ بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی نے کہا کہ ’ستمبر موسم گرما کے آغاز اور خزاں کے آغاز کی مہینہ ہے۔ اس دوران بارشوں کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔‘

ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں لکھا ’ستمبر موسم گرما سے سرما کی جانب منتقلی کا مہینہ ہے۔ اس مہینے میں رات کے وقت موسم خوشگوار جبکہ دن کے ابتدائی حصے میں گرمی رہتی ہے۔ جیسے جیسے دن گزرتے ہیں موسم مزید بہتر ہونا شروع ہو جاتا ہے۔
