جوش وخروش اور چیلنج سے بھرپور ٹویوٹا چیمپیئن شپ ٹائم اٹیک کا پہلا راؤنڈ مکمل
افتتاحی راؤنڈ کے لیے 107 مرد اور خواتین ڈرائیورز نے رجسٹریشن کرائی( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
جوش و خروش اور چیلنج سے بھرپور سعودی ٹویوٹا چیمپیئن شپ ٹائم اٹیک 2026 کا پہلا راؤنڈ جدہ کورنیش سرکٹ میں کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا۔
مامون القبانی نے بہترین وقت ریکارڈ کرتے ہوئے پہلے راؤنڈ کا چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ فاتح کا فیصلہ ریس سیشنز کے دوران ریکارڈ کیے گئے بہترین وقت کی بنیاد پر کیا گیا۔
یہ چیمپیئن شپ سعودی آٹوموبیل اینڈ موٹر سائیکل فیڈریشن کی زیرِ نگرانی منعقد کی گئی جس کا انتظام آفیشل پارٹنر جمیل موٹر سپورٹس اور باخشب موٹر سپورٹس نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔
پہلے راؤنڈ کا آغاز انتظامی جانچ اور چیمپیئن شپ میں حصہ لینے والی گاڑیوں کے تیکنیکی معائنے سے ہوا جس کے ساتھ ڈرائیوز کا فوٹو سیشن بھی منعقد کیا گیا۔
افتتاحی راؤنڈ کے لیے 107 مرد اور خواتین ڈرائیورز نے رجسٹریشن کرائی جس میں 74 نے تیکنیکی معائنہ پاس کیا۔ لیڈیز کپ بھی مقابلے کا حصہ ہے۔

ٹریک، سیفٹی اور رولز کا جائزہ لینے کے لیے ایک بریفنگ سیشن رکھا گیا جس میں ریس آفیشلز اور سٹیورڈز کے ساتھ ڈرائیور شامل تھے۔ بعد ازاں فری پریکٹس سیشنز کا آغاز ہوا جس میں ہر کیٹیگری کے لیے ایک سیشن رکھا گیا تھا۔
فائنل راؤنڈ کے اختتام پر تمام کیٹیگریز کے فاتحین کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔
