جدہ میں ’سعودی ٹویوٹا چیمپیئن شپ ٹائم اٹیک 2026‘ کا آغاز آج سے
جمعرات 27 اگست 2026 12:37
اس راؤنڈ میں 107 رجسٹرڈ ڈرائیورز لیڈیز کپ کے ساتھ ساتھ 11 مختلف کیٹیگریز میں حصہ لے رہے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی آٹوموبائل اینڈ موٹر سائیکل فیڈریشن کی زیرِ نگرانی، ’سعودی ٹویوٹا چیمپیئن شپ ٹائم اٹیک 2026‘ کا پہلا راؤنڈ آج جدہ کورنش سرکٹ میں شروع ہوگا۔ اس کا انتظام چیمپیئن شپ کے آفیشل پارٹنر ’جمیل موٹر سپورٹ‘ کی شراکت کے ساتھ ’بخشاب موٹر سپورٹس‘ کے پاس ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس راؤنڈ میں 107 رجسٹرڈ ڈرائیورز 11 کیٹیگریز میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ لیڈیز کپ بھی مقابلے کا حصہ ہے۔ یہ مقابلہ 3.4 کلومیٹر طویل سرکٹ پر ہو رہا ہے جس میں 13 موڑ شامل ہیں۔
ہر ڈرائیور ٹریک کے قوانین اور حفاظتی اصولوں کی پابندی کرتے ہوئے کم سے کم وقت میں فنش لائن تک پہنچنے کی کوشش کرے گا یہ ایک ایسا فارمیٹ ہے جو بہترین ڈرائیونگ صلاحیتوں اور درستگی کا تقاضا کرتا ہے۔
آج کے پروگرام کا آغاز شام پانچ بجے انتظامی پڑتال، تکنیکی معائنے اور ڈرائیورز کے فوٹو سیشن سے ہوگا۔ جمعہ کے پروگرام میں شام شام بجے ریس آفیشلز اور سٹیورڈز کے ساتھ ڈرائیورز کی لازمی بریفنگ شامل ہے جس کے بعد شام چھ بجے فری پریکٹس سیشنز ہوں گے جس میں ہر کیٹیگری کے لیے ایک سیشن مختص ہوگا۔
ہفتے کے مقابلے شام چھ بجے پہلی ریس سے شروع ہوں گے جس کے بعد رات آٹھ بجے دوسری ریس ہوگی۔ اس راؤنڈ کا اختتام رات آٹھ بجے تمام کیٹیگریز کے فاتحین کی انعامی تقریب کے ساتھ ہوگا۔
