سعودی عرب کے کئی علاقوں میں پیر سے جمعے تک بارش کا الرٹ
سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات نے کہا ہے کہ مملکت کے کئی علاقوں میں پیر سے جمعے تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
قومی مرکز نے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں لکھا جازان، عسیر، الباحہ اور مکہ مکرمہ کے بعض علاقے درمیانے درجے سے موسلا دھار بارش کی زد میں رہیں گے۔
جازان اور عسیر کے بعض علاقوں میں بدھ کو بارش کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ نجران میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔
بیان میں کہا گیا بارش کے ساتھ گرد آلود تیز ہوائیں چلنے، ژالہ باری اور سیلابی صورتحال کے علاوہ سمندر میں بلند لہریں بھی اٹھ سکتی ہیں۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے شہریوں اور مقیمین کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ’سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ ایسے مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو تیراکی سے گریز کیا جائے۔‘
بیان میں سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے جاری کردی ہدایات پر عمل کرنے پر زور دیا گیا۔
