Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جزیرہ لارک پر حملے کے بعد ایران کی اردن میں امریکی فورسز کے خلاف جوابی کارروائی

فاکس نیوز کے مطابق تقریبا تمام ایرانی میزائلوں کو انٹرسیپٹ کیا گیا ہے ( فائل فوٹو: اے ایف پی)
 ایران نے جزیرہ لارک میں امریکی حملےکے بعد اتوار اور پیر کی درمیانی شب اردن میں تعینات امریکی فورسز پر میزائل داغے ہیں۔
اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ امریکی فورسز نے اتوار کی شب جزیرہ لارک میں دو ایرانی لانچرز کو نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکی حملے کی تصدیق کی اور جوابی کارروائی کا عزم ظاہر کیا تھا۔
فاکس نیوز کے رپورٹر نے امریکی ذرائع کے حوالے سے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا ایران نے اردن میں امریکی فورسز پر حملے شروع کیے ہیں۔ تقریبا تمام میزائلوں کو انٹرسیپٹ کیا گیا ہے۔ حملوں کا کوئی خاص اثر نہیں دیکھا گیا۔
اردن کے حکام نے کہا ہے فضائی حدود میں داخل ہونے والے آٹھ ایرانی میزائلوں کو انٹرسیپٹ کیا گیا۔
یہ حملے ایسے وقت شروع ہوئے ہیں جب حالیہ ہفتوں کے دوران ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی آئی تھی۔ ایکدوسرے کے خلاف براہ راست حملوں سے گریز کیا جا رہا تھا۔ ایران پر آخری امریکی حملے جولائی کے اواخر میں ہوئے تھے۔
اس سے قبل پاسداران انقلاب نے کہا کہ امریکی حملے میں کئی ایرانی فائٹرز اور عام شہری ہلاک و زخمی ہوئے ہیں تاہم ہلاکتوں کی تعداد اور اس مبینہ حملےکی تفصیلات فراہم کی نہیں کی گئیں۔
نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے امریکی اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ امریکی فورسز نے اتوار کو ایران کے جزیرے لارک پر دو ایرانی لانچرز کو نشانہ بنایا۔
ایگزیوس کے رپورٹر ٹربارک راوڈ نے امریکی اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا پاسداران انقلاب کو آبنائے ہرمز کی جانب بحری بارودی سرنگیں لے جانے والے راکٹ لانچ کرنے کی تیاری کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
ایک امریکی اہلکار نے اتوار کو العربیہ کو بتایا امریکی افواج علاقے کی قریب سے نگرانی کر رہی ہیں اور اس اہم آبی گزر گاہ کے ذریعے تجارت کے آزادانہ بہاؤ کے تحفظ کے لیے تیار ہیں۔
امریکہ نے ایران کو بین الاقوامی پانیوں میں نئی بارودی سرنگیں بچھانے سے خبردار کیا ہے جبکہ تہران نے آبنائے ہرمز کے ذریعے جہاز رانی کو کنٹرول کرنے کے اپنے حق کا دعوی کیا۔
جمعے کو سینٹ کام کی سوشل میڈیا پوسٹ میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا تھا کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی بحری راستوں پر بچھائی گئی بارودی سرنگوں کو کامیابی سے ہٹا دیا گیا ہے۔
 ’بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ بحری راستے ایرانی بارودی سرنگوں سے صاف ہو چکے ہیں جو امریکی فوج کی شاندار کوششوں کا نتیجہ ہے۔ صورت حال انتہائی مشکل اور خطرناک تھی مگر امریکی فوج نے اپنا کام مکمل کر لیا۔

شیئر: