موسیٰ کا مصلیٰ ٹریک سے ایلکس نامی غیر ملکی رنر لاپتہ، سرچ آپریشن جاری
ایلکس 29 اگست سے موسیٰ کا مصلیٰ سمٹ ٹریک پر لاپتہ ہوئے۔ (فوٹو: مارگلہ ٹریل رنرز)
مانسہرہ کی سرن ویلی میں موسیٰ کا مصلیٰ سمٹ ٹریک سے غیر ملکی ٹریل رنر ایلکس کے لاپتہ ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے، جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ایلکس کے لاپتہ ہونے کے حوالے سے ’مارگلہ ٹریل رنرز‘ نامی فیس بک پیج پر ایک اپیل سامنے آئی، جس میں بتایا گیا کہ ایلکس سنیچر 29 اگست سے موسیٰ کا مصلیٰ سمٹ ٹریک پر لاپتہ ہیں۔
پوسٹ کے مطابق ایلکس طویل فاصلے کے ٹریل رنر ہیں اور پہاڑوں سے گہری محبت رکھنے کے ساتھ ساتھ رننگ کمیونٹی کے ایک خاموش اور خوش اخلاق رکن ہیں۔ ان کے ساتھیوں نے ان کی بحفاظت واپسی کے لیے لوگوں سے مدد اور دعاؤں کی اپیل کی ہے۔
مارگلہ ٹریل رنرز کی جانب سے جاری اپیل میں کہا گیا کہ اگر کسی شخص کے پاس ایلکس کے بارے میں کوئی معلومات ہے، یا وہ حالیہ دنوں میں موسیٰ کا مصلیٰ کے ٹریک یا اس کے آس پاس موجود تھے اور انہوں نے ایلکس سے مشابہ کسی شخص کو دیکھا، تو فوری طور پر مقامی حکام، الیکس کے اہل خانہ یا متعلقہ ٹیم سے رابطہ کیا جائے۔
پوسٹ میں مقامی ہائیکنگ، ٹریکنگ اور ٹریل رننگ گروپس میں بھی اس اپیل کو زیادہ سے زیادہ شیئر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
دوسری جانب مانسہرہ پولیس کے مطابق سرن ویلی میں موسیٰ کا مصلیٰ ٹاپ سے واپسی پر لاپتہ ہونے والے غیر ملکی ٹریکر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس کے مطابق ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان اور ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال خٹک نے موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن کا جائزہ لیا اور مختلف مقامات پر موجود سرچ ٹیموں کی براہِ راست نگرانی بھی کی۔
لاپتہ ٹریکر کی تلاش کے لیے مانسہرہ پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ جنگلات اور دیگر متعلقہ اداروں کے اضافی افسران و اہلکار مختلف ٹیموں کی صورت میں دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور جنگلات میں سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔
پولیس کے مطابق موقع پر موجود سرچ ٹیموں سے بریفنگ لینے کے بعد افسران نے آپریشن کی صورتحال کا جائزہ لیا اور لاپتہ ٹریکر کی بحفاظت تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات جاری کیں۔
سرچ ٹیمیں مختلف ممکنہ راستوں، پہاڑی مقامات اور جنگلات میں مسلسل تلاش کر رہی ہیں، جبکہ بالاکوٹ اور شنکیاری پولیس بھی اپنے اپنے علاقوں میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دشوار گزار جغرافیہ، گھنے جنگلات اور نامساعد موسمی حالات کے باعث سرچ ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم مانسہرہ پولیس، ریسکیو، محکمہ جنگلات اور دیگر اداروں کے اہلکار مسلسل تلاش کے عمل میں مصروف ہیں۔