پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سائبر سکیورٹی میں تعاون کا معاہدہ
معاہدے میں سائبر سکیورٹی کے حوالے سے کئی شعبوں کو کور کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی نیشنل سائبرسکیورٹی اتھارٹی نے پاکستان کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن کے ساتھ سائبر سکیورٹی کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق نیشنل سائبر سکیورٹی اتھارٹی کے گورنر انجینیئر ماجد بن محمد المزید اور پاکستانی وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس معاہدے کا مقصد دونوں ملکوں کے سائبر سپیس اور اہم مفادات کے تحفظ کے لیے سائبر سکیورٹی میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانا ہے۔
معاہدے میں کئی شعبوں کو کور کیا گیا جس میں سائبر خطرات اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تجربات اور بہترین طریقہ کار کا تبادلہ شامل ہے۔
یہ اقدام سعودی عرب کی جانب سے سائبر سکیورٹی کے شعبے میں عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مضبوط کرنے اور بین الاقوامی شراکت داری کے لیے میکنانزم کے قیام کی کوششوں کا حصہ ہے۔
علاوہ ازیں پاکستانی وزیر شزا خواجہ فاطمہ نے لیپ 2026 کانفرنس کے موقع پر ریاض میں سعودی وزیر کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی عبداللہ السواحہ سے ملاقات کی۔

ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کے مطابق ملاقات میں باہمی تعاون کے نئے مواقع اور شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔
پیومن کے سی ای او طارق امین کے ساتھ ملاقات میں اے آئی، کلاؤنڈ اینڈ کمپیوٹ، ڈیٹا سینٹرز، سکلز اور انویسٹمنٹ میں پاک، سعودی شراکت داری کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
