سعودی عرب میں دنیا کے سب سے بڑے ٹیک ایونٹ ’لیپ 2026‘ کا آغاز
ایونٹ 3 ستمبر تک ریاض ایگزیبیشن اینڈ کنونشن سینٹر میں جاری رہے گا( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں دنیا کے سب سے بڑے ٹیک ایونٹ ’لیپ 2026‘ کے پانچویں ایڈیشن کا پیر کو ریاض میں آغاز ہوا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ’ان ٹو نیو ورلڈز‘ کی تھیم کے تحت یہ ایونٹ 3 ستمبر تک ریاض ایگزیبیشن اینڈ کنونشن سینٹر میں جاری رہے گا۔
اس ایونٹ میں دنیا بھر سے معروف ٹیکنالوجی اور اے آئی ماہرین، انوویٹرز، سرمایہ کاروں اور سٹارٹ اپس کو اکھٹا کیا گیا ہے۔
کانفرنس میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجیز میں 15 ارب ڈالر سے زیادہ کی بڑی لانچز، سرمایہ کاری اور شراکت داری کے اعلانات دیکھے گئے۔
اس ایونٹ نے ڈیجیٹل انفرا سٹرکچر اور جدید کمپیوٹنگ میں سعودی عرب کی قیادت کو مضبوط کیا۔ اس ذہین دور میں ٹیکنالوجی کی سرمایہ کاری کے لیے ایک عالمی منزل کے طور پر پوزیشن کو مستحکم کیا ہے۔

سعودی وزیر کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی عبداللہ السواحہ نے کہا ’سعودی قیادت کی سپورٹ اور ایمپارومنٹ ڈیجیٹل معیشت اور ٹیکنالوجی میں ایک متاثر کن قومی کامیابی کی کہانی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا ’اس سپورٹ نے سعودی عرب کو مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں سب سے آگے رہنے میں مدد دی ہے۔‘

سعودی وزیر نے کہا ’ٹیکنالوجی اور نیشنل ٹیلنٹ خصوصا نوجوان مملکت کی ترقی کو آگے بڑھا رہے ہیں۔‘
اس ایونٹ کا اہتمام سعودی وزارت کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن نے سعودی فیڈریشن فار سائبر سکیررٹی، پروگرامنگ اینڈ ڈرونز کے ساتھ گلوبل ایونٹس کمپنی انفارما اور انویسٹمنٹ فنڈ کی سپورٹ سے کیا ہے۔

پانچویں ایڈیشن میں ایک ہزار سے زائد سپیکرز، ایک ہزار 800 ٹیک کمپنیاں، 600 سے زائد سٹارٹ اپس اور ایک ہزار 900 سے زیادہ سرمایہ کاروں اور وینچر کیپیٹل کے نمائندے شریک ہیں۔
یہ ایونٹ سرمایہ کاری کو راغب کرنے، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور کاروباری اداروں کے درمیان نئے مواقع پیدا کرنے میں لیپ کے کردار کو مزید مضبوط کرے گا۔
