لاہور: ٹریفک اہلکار سے ٹکرانے والا موٹرسائیکل سوار پانچ روز بعد چل بسے، متوفی کے خلاف مقدمہ درج
منگل 1 ستمبر 2026 18:46
ادیب یوسفزئی - اردو نیوز، لاہور
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں گذشتہ ماہ ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں موٹرسائیکل سوار اور ٹریفک اسسٹنٹ زخمی ہوئے۔
پانچ روز زیر علاج رہنے کے بعد موٹرسائیکل سوار آج بروز منگل چل بسا۔ ٹریفک پولیس نے موٹرسائیکل سوار کے خلاف تھانہ شادمان میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
ترجمان لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق 26 اگست کو شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے شادمان مارکیٹ یوٹرن پر ڈیوٹی پر موجود ٹریفک اہلکاروں نے ایک بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ دیا۔ تاہم نوجوان نے رکنے کی بجائے تیز رفتاری سے آگے نکل جانے کی کوشش کی جس کے دوران وہ ڈیوٹی پر موجود ٹریفک اسسٹنٹ سے ٹکرا گیا۔ تصادم کی شدت سے ٹریفک اہلکار اور موٹرسائیکل سوار سڑک پر گر کر زخمی ہوگئے۔
اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کی گئی ہے جس میں ڈیوٹی پر موجود ٹریفک اہلکاروں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب ٹریفک اسسٹنٹ تیز رفتار موٹرسائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کرتے ہیں تو موٹرسائیکل بے قابو ہو کر ٹریفک اہلکار سے ٹکرانے جاتی ہے۔
لاہور ٹریفک پولیس کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد دونوں زخمیوں کو سرکاری گاڑی کے ذریعے سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی منتقل کیا گیا۔ }ٹریفک اسسٹنٹ کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا جبکہ موٹرسائیکل سوار کو مزید علاج و نگرانی کے لیے ہسپتال میں داخل رکھا گیا۔‘ ترجمان کے مطابق پانچ روز زیر علاج رہنے کے بعد آج موٹرسائیکل سوار دوران علاج چل بسے۔ موٹرسائیکل سوار لاہور کی تحصیل ساندہ کا رہائشی بتایا جا رہا ہے۔
مقدمہ اور انکوائری
اس واقعے کے دو روز بعد یعنی 28 اگست سنہ 2026 کو تھانہ شادمان میں سینیئر ٹریفک وارڈن کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ یہ وارڈن اس وقت ڈیوٹی پر موجود تھے اور واقعے کی ویڈیو میں بھی نظر آرہے ہیں۔ مقدمے میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ’موٹرسائیکل سوار تیز رفتاری، غفلت اور بغیر ہیلمٹ گاڑی چلا رہا تھا، روکنے کی کوشش کے باوجود وہ نہیں رکا اور ٹریفک اسسٹنٹ سے جا ٹکرایا۔‘ مدعی مقدمہ نے استدعا کی کہ موٹرسائیکل سوار کے خلاف حسب ضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔
سی ٹی او لاہور نے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے ایس ایس پی صدر زون کو مزید انکوائری کا حکم دے دیا ہے جس میں حادثے کے محرکات اور تمام متعلقہ حالات و واقعات کا جائزہ لیا جائے گا۔