ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن کی وینس فلم فیسٹیول میں 11 فلموں اور منصوبوں کی نمائش
ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن کی وینس فلم فیسٹیول میں 11 فلموں اور منصوبوں کی نمائش
بدھ 2 ستمبر 2026 9:03
یہ فیسٹیول دو سے 12 ستمبر 2026 تک منعقد ہوگا (فوٹو: ریڈ سی فنڈ)
ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن 83ویں وینس انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بھرپور شرکت کرے گی جہاں اس کی حمایت یافتہ تین فلموں کو فیسٹیول کی آفیشل سلیکشن میں شامل کیا گیا ہے جبکہ آٹھ مزید پروجیکٹس وینس پروڈکشن برج کے اہم پروگراموں میں حصہ لے رہے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق وینس پروڈکشن برِج ایک انڈسٹری پلیٹ فارم ہے جو فلم سازوں اور پروجیکٹس کو بین الاقوامی پروڈیوسرز، فنانسرز اور ڈسٹریبیوٹرز سے جوڑتا ہے۔
دو سے 12 ستمبر 2026 تک منعقد ہونے والے اس فیسٹیول میں معید علیان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کنورزیشن ود دی سی اور لیوان کوگواشیلی کی گُریا کو وینس سپاٹ لائٹ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ آگسٹ برنارڈ کوئمو یانگھو کی فلم ہاؤس آف دی وِنڈ اور اوریزنٹی مقابلے میں حصہ لے گی۔
وینس پروڈکشن برج کے تحت، ’فائنل کٹ ان وینس‘ کے لیے منتخب 6 میں سے 5 پروجیکٹس کو ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن کی حمایت حاصل ہے جبکہ 3 دیگر پروجیکٹس وینس گیپ فنانسنگ مارکیٹ کے لیے منتخب کیے گئے ہیں۔
فاؤنڈیشن مسلسل پانچویں سال فائنل کٹ ان وینس کی حمایت جاری رکھے گی اور ریڈ سی فنڈ کے ذریعے اس پروگرام کی ایک فلم کو پوسٹ پروڈکشن اور تکمیل کے لیے نقد ایوارڈ فراہم کرے گی۔ اس طرح فیسٹیول اور اس کے انڈسٹری پلیٹ فارم میں فاؤنڈیشن کی حمایت یافتہ کل 11 فلمیں اور پروجیکٹس شامل ہیں۔
ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن کے سی ای او فیصل بالٹیور نے کہا کہ ’اس سال وینس میں ریڈ سی کی معاونت یافتہ 11 فلموں اور پروجیکٹس کی شمولیت ہماری خدمات والے علاقوں سے ابھرتے ہوئے غیر معمولی ٹیلنٹ اور سفر کے ہر مرحلے پر فلم سازوں کا ساتھ دینے کے ہمارے عزم دونوں کی عکاسی کرتی ہے۔‘
وینس انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں معید علیان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کنورزیشن ود دی سی کو بھی شامل کیا گیا ہے (فوٹو: ٹی آئی ایف ایف)
یہ انتخاب اور ’فائنل کٹ ان وینس‘ کے ساتھ فاؤنڈیشن کی مسلسل شراکت داری، عرب دنیا، افریقہ اور ایشیا کی منفرد سنیمائی آوازوں کو تلاش کرنے، آگے بڑھانے اور ان کی سرپرستی کرنے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے۔
ریڈ سی فنڈ، ریڈ سی سوق اور ریڈ سی لیبز کے ذریعے، فاؤنڈیشن فلم سازوں کے تخلیقی سفر کے ہر مرحلے بشمول تیاری، پروڈکشن، پوسٹ پروڈکشن، مارکیٹ تک رسائی اور بین الاقوامی نمائش میں ان کی مکمل رہنمائی اور مدد کرتی ہے۔