ریڈ سی فنڈ کی فلم سازوں اور تخلیقی منصوبوں کے لیے معاونت
ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن اس فیسٹیول کے پروڈکشن مارکیٹ میں اپنے ایک پویلین کے ساتھ شرکت کر رہی ہے (فائل فوٹو)
ریڈ سی فنڈ نے سعودی فلم فیسٹیول کے بارہویں ایڈیشن میں حصہ لیتے ہوئے فلموں کی فنڈنگ اور انڈسٹری کی مدد کے موضوع پر ایک پینل ڈسکشن کے دوران فلمی منصوبوں کو سپورٹ کرنے، فنڈز فراہم کرنے اور فلم سازوں کو بااختیار بنانے کے لیے اپنی کوششوں کو پیش کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس سیشن میں خاص طور پر اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ یہ فنڈ فلم سازی کے تمام مراحل میں فلمی منصوبوں کی بھرپور مدد کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے، فلم سازوں کی حوصلہ افزائی اور نئی کہانیاں تیار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے تاکہ فلم انڈسٹری کو مضبوط بنایا جا سکے اور سعودی عرب اور پورے خطے میں فلم بنانے کا ایک بہترین اور پائیدار نظام قائم ہو سکے۔
اس کے علاوہ ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن اس فیسٹیول کے پروڈکشن مارکیٹ میں اپنے ایک پویلین کے ساتھ شرکت کر رہی ہے جہاں وہ اپنے مختلف پروگراموں کو متعارف کروا رہی ہے، ماہرانہ مشورے فراہم کر رہی ہے اور ڈائریکٹرز، پروڈیوسرز اور فلم سازوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے مواقع پیدا کر رہی ہے۔
