مانسہرہ: لاپتہ ہونے والے غیرملکی سیاح ایلکس کی لاش برآمد
ایلکس سنیچر 29 اگست سے موسیٰ کا مصلیٰ سمٹ ٹریک پر لاپتہ ہوئے تھے (فوٹو: مارگلہ ٹریل رنر)
مانسہرہ کی سرن ویلی میں موسیٰ کا مصلیٰ سے واپسی پر لاپتہ ہونے والے غیر ملکی سیاح ایلکس کی لاش برآمد کر لی گئی ہے۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق پولیس، محکمہ جنگلات، ریسکیو 1122 اور مقامی افراد پر مشتمل ٹیموں کی جانب سے جاری سرچ آپریشن کے دوران لاش برآمد ہوئی۔
گذشتہ روز غیرملکی ٹریل رنر ایلکس کے لاپتہ ہونے کی اطلاع سامنے آئی تھی جس کے بعد تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔
ایلکس کے لاپتہ ہونے کے حوالے سے ’مارگلہ ٹریل رنرز‘ نامی فیس بک پیج پر ایک اپیل سامنے آئی، جس میں بتایا گیا کہ ایلکس سنیچر 29 اگست سے موسیٰ کا مصلیٰ سمٹ ٹریک پر لاپتہ ہوئے۔
پوسٹ کے مطابق ایلکس طویل فاصلے کے ٹریل رنر ہیں اور پہاڑوں سے گہری محبت رکھنے کے ساتھ ساتھ رننگ کمیونٹی کے ایک خاموش اور خوش اخلاق رکن ہیں۔ ان کے ساتھیوں نے ان کی بحفاظت واپسی کے لیے لوگوں سے مدد اور دعاؤں کی اپیل کی۔
مارگلہ ٹریل رنرز کی جانب سے جاری اپیل میں کہا گیا کہ اگر کسی شخص کے پاس ایلکس کے بارے میں کوئی معلومات ہے، یا وہ حالیہ دنوں میں موسیٰ کا مصلیٰ کے ٹریک یا اس کے آس پاس موجود تھے اور انہوں نے ایلکس سے مشابہ کسی شخص کو دیکھا، تو فوری طور پر مقامی حکام، الیکس کے اہل خانہ یا متعلقہ ٹیم سے رابطہ کیا جائے۔
پوسٹ میں مقامی ہائیکنگ، ٹریکنگ اور ٹریل رننگ گروپس میں بھی اس اپیل کو زیادہ سے زیادہ شیئر کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
