’بیلٹ سے مارا گیا‘، فریال گوہر کے انٹرویو پر جمال شاہ کا ردعمل اور مشی خان کی حیرت
’بیلٹ سے مارا گیا‘، فریال گوہر کے انٹرویو پر جمال شاہ کا ردعمل اور مشی خان کی حیرت
بدھ 2 ستمبر 2026 10:49
فریال گوہر نے انٹرویو میں اپنے سابق شوہر جمال شاہ پر الزامات لگائے ہیں (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کی معروف اور سینیئر اداکارہ فریال گوہر کا ایک انٹرویو اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ اپنی ازدواجی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے سابق شوہر پر الزامات لگاتی دکھائی دیتی ہیں۔
ندا یاسر کے مارننگ شو میں بات کرتے ہوئے فریال گوہر کہتی ہیں کہ ان کو چمڑے کے بیلٹ سے مارا گیا اور ٹھڈے بھی مارے گئے۔
ان مطابق ’ہمارے ہاں شادیاں کم عمری میں ہوتی ہیں اور میں بھی اس وقت 23 سال کی تھی، میں نے خود انتخاب کیا تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے نو سال تک تشدد برداشت کیا، ان پر پابندیاں تھیں اور وہ واک کے لیے نہیں جا سکتی تھیں۔
فریال گوہر کے بقول ’گھر ایک چھوٹی سی گلی میں تھا جس کے سامنے ٹاٹ کا پردہ لگا تھا، اور جب باہر جانا ہوتا تو رکشے کو گلی میں لا کر ٹاٹ کے پردے کے اوپر ڈالا کر بٹھایا جاتا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے کہا کہ اولاد پیدا کر لو تو معاملہ ٹھیک ہو جائے گا، مگر یہ کیسے ہوتا جب تشدد ہوتا ہو اور اس کی وجہ سے آپ کی اولاد ضائع ہو جائے۔
ان کے مطابق ’آخری مس کیریج میں ٹوئنز تھے اور وہ بھی تشدد کی وجہ سے ضائع ہوئے اور ڈاکٹر نے معائنے میں جسم پر نشانات دیکھ کر کہا کہ اگلے بچے کی خواہش سے قبل آپ کو اپنی شادی کے مستقبل کے بارے میں سوچنا چاہیے۔‘
ان کے مطابق ’اس کے بعد میں نے فیصلہ کیا اور یہ اصل بات ہے۔‘
فریال گوہر اور جمال شاہ کچھ عرصہ پیشتر خوشگوار انداز میں ایک مشترکہ انٹرویو میں شریک ہوئے تھے (فوٹو: سکرین شاٹس)
فریال گوہر نے 80 کی دہائی کے وسط سے 2000 تک جبکہ اس کے بعد بھی پی ٹی وی اور نجی چینلز کے کئی ڈراموں میں کام کیا۔
ان کی شادی مشہور اداکار جمال شاہ کے ساتھ ہوئی اور وہ بھی اسی دور میں پی ٹی وی کے اہم ڈراموں میں دکھائی دیے۔
اس وقت جہاں یہ انٹرویو سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے اور صارفین اس پر اپنے خیالات ظاہر کر رہے ہیں، وہیں اداکار جمال شاہ کا ردعمل بھی سامنے آیا۔
ان کے ایکس اکاؤنٹ سے ہونے والی پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ انہوں نے کبھی کسی انٹرویو میں فریال گوہر کو برا نہیں کہا جبکہ یہ انٹرویو نشر کرنے والے چینل کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
ان کے مطابق ’فریال سے میری شادی پانچ برس تک رہی، جس کا مجھے کوئی پچھتاوا ہے اور نہ تلخی، ہم بڑے مہذب طریقے سے علیحدہ ہوئے اور کافی عرصہ میڈیا پر طلاق کا ذکر ہی نہیں کیا۔ میری دعائیں اب بھی ان کے ساتھ ہیں۔‘
مشی خان کا کہنا تھا کہ فریال گوہر نے انٹرویو نے ان کو حیرت میں ڈال دیا ہے (فوٹو: سکرین شاٹ)
انہوں نے مزید کہا کہ ’آپ حالیہ میڈیا بیانات کے بارے میں جو بھی رائے قائم کرنا چاہتے ہیں وہ آپ کا حق ہے لیکن میری زبان سے فریال کے بارے میں کوئی غلط حرف نہیں نکلے گا۔‘
اس انٹرویو پر شوبز سے وابستہ شخصیات بھی اظہار کر رہی ہیں۔
ایک پوسٹ میں اپنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اداکارہ مشی خان نے لکھا کہ ’مجھے اس انٹرویو پر جھٹکا لگا، سوال یہ ہے کہ آپ چند ماہ قبل اسی شخص کے ساتھ اسی مارننگ شو میں بیٹھی تھیں اور کہا تھا کہ آپ کے اپنی سابق ساس کے ساتھ بھی دوستانہ تعلقات تھے۔ یہ انتہائی نامناسب تھا۔ جب ایک شخص نے آپ کے ساتھ غیرمناسب سلوک کیا تھا تو آپ ان کے ساتھ پچھلے انٹرویو میں کیوں بیٹھیں، وہ ایک غلط فیصلہ تھا۔‘
ویڈیو میں انہوں نے فریال گوہر کو ایک بہترین شخصیت بھی قرار دیا جن کی حس مزاح بہت اچھی ہے۔
اسی طرح سوشل میڈیا صارفین بھی اداکارہ کے انٹرویو اور ان کے شوہر کی جانب سے آنے والے ردعمل پر ملے جلے تبصرے کر رہے ہیں۔