’رہنے کو جگہ تھی نہ پیسے‘، ثانیہ سعید کی ثمینہ احمد کے ساتھ بیتے دنوں کی یادیں
’رہنے کو جگہ تھی نہ پیسے‘، ثانیہ سعید کی ثمینہ احمد کے ساتھ بیتے دنوں کی یادیں
بدھ 5 اگست 2026 12:35
ثانیہ سعید نے ڈرامہ ’آہٹ‘ سے ثمینہ احمد کے ساتھ آن سکرین کیریئر کا آغاز کیا تھا (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کی معروف اداکارہ ثانیہ سعید نے سینیئر اداکارہ ثمینہ احمد کے ساتھ اپنے ابتدائی دنوں کی یادیں تازہ کرتے ہوئے انہیں ایک ’باہمت اور شاندار خاتون‘ قرار دیا ہے۔
’ریو اِٹ‘ ویب سائٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق ثانیہ سعید کا کہنا ہے کہ اپنے کیریئر کی شروعات میں انہیں سینیئرز سے جو محبت اور تحفظ ملا، وہ اسے اب نئے آنے والے فنکاروں تک منتقل کرنا چاہتی ہیں۔
وصی چوہدری کے شو ’گپ شپ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈرامہ ’آہٹ‘، ’ستارہ اور مہر النسا‘ اور ’رقیب سے‘ جیسے معروف ڈراموں سے شہرت پانے والی اداکارہ ثانیہ سعید نے بتایا کہ جب وہ اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں تھیٹر کے لیے کراچی سے لاہور جایا کرتی تھیں تو ان کے پاس نہ رہنے کی جگہ ہوتی تھی اور نہ ہی پیسے تھے۔
’والد نے کہا ثمینہ ہے نا!‘
ثانیہ سعید نے ماضی کا ایک واقعہ سناتے ہوئے کہا ’میرے والد نے مجھ سے کہا کہ لاہور میں رہنے کا کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ وہاں ثمینہ احمد موجود ہیں۔ میں نے حیرت سے پوچھا کہ آپ نے ان سے پوچھے بغیر کیسے فرض کر لیا؟ مگر والد کے رابطہ کرنے پر ثمینہ احمد نے کھلے دل سے میری میزبانی کی اور میں پورے فیسٹیول کے دوران انہی کے گھر قیام کرتی تھی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ثمینہ احمد اور ’رفیع پیر تھیٹر‘ سے وابستہ دیگر سینیئر فنکار ان کے لیے ایک ادارے اور استاد کی حیثیت رکھتے تھے جنہوں نے ہمیشہ ان کی رہنمائی اور سرپرستی کی۔
ثمینہ احمد کی دوسری شادی کا فیصلہ
ڈرامہ ’آہٹ‘ سے ثمینہ احمد کے ساتھ آن سکرین کیریئر کا آغاز کرنے والی ثانیہ سعید نے ثمینہ احمد کی ذاتی زندگی اور ان کی دوسری شادی کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بے حد باہمت خاتون ہیں۔
ثانیہ سعید کے بقول ’انہوں نے ایک دن خود یہ فیصلہ کیا کہ انہوں نے اکیلے اپنے بچوں کی پرورش کر کے انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کر دیا ہے اور اب وقت ہے کہ وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھیں۔ ایک اچھا جیون ساتھی ملنے پر انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا جو ان کی خود اعتمادی کی بہترین مثال ہے۔‘