فلائی ناس کی جدہ اور شام کے شہر حلب کے درمیان براہ راست پروازیں
ائیر لائن جدہ اور حلب کے درمیان ہفتے میں دو پروازیں چلائے گی ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی عرب کی لو بجٹ ایئرلائن فلائی ناس نے بدھ دو ستمبر سے جدہ اور شام کے شہر حلب کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کیا ہے۔
جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر افتتاحی تقریب میں فلائی ناس اور جدہ ایئرپورٹس کمپنی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کے مطابق فلائی ناس، جدہ اور حلب کے درمیان ہفتے میں دو پروازیں چلائے گی جس سے دونوں شہروں کے درمیان سفر کے مواقع بڑھیں گے۔
یاد رہے فلائی ناس ریاض اور دمشق کے درمیان ہفتے میں 14، جدہ اور دمشق کے درمیان 7 جبکہ دمام اور دمشق کے درمیان ہفتے میں تین پروازیں چلائی جا رہی ہے۔
جدہ، حلب روٹ کا اضافہ فلائی ناس کی سٹریٹیجک ترقی اور توسیعی منصوبے کا حصہ ہے جو قومی ایوی ایشن حکمت عملی کے اہداف سے ہم آہنگ ہے جس کے تحت 2030 تک سعودی عرب کو 250 سے زیادہ بین الاقوامی مقامات سے جوڑنا اور سالانہ 330 مسافروں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

ائیرلائن دو ہزار سے زیادہ ہفتہ وار پروازوں کے ذریعے 38 ملکوں میں 80 سے زیادہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل مقامات کے لیے 156 روٹس آپریٹ کر رہی ہے۔
2007 کے آغاز کے بعد سے 110 ملین سے زیادہ مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے، اس کا ہدف سعودی وژن 2030 کے مطابق 165 ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل مقامات تک پہنچنا ہے۔
