ریاض ایئر کی بینکاک کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز
جمعرات 3 ستمبر 2026 18:38
ریاض ایئر ابتدا میں ہفتے میں تین براہ راست پروازیں چلائے گی ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ریاض ایئر نے جمعرات 3 ستمبر سے ریاض اور بینکاک کے درمیان یومیہ براہ راست پروازوں کا آغاز کیا ہے۔
ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پہلی پرواز بینکاک کے سوورن بھومی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی تو واٹر سیلوٹ سے خیر مقدم کیا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق ریاض ایئر بینکاک کے لیے ابتدا میں ہفتے میں تین براہ راست پروازیں چلائے گی جبکہ 9 نومبر سے یومیہ پروازیں شروع کی جائیں گی۔
یہ نیا روٹ سعودی عرب اور تھائی لینڈ کے درمیان ایئر کنیکٹیویٹی کو مضبوط بنانے کے ساتھ نئی ایئر لائن کی ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔
بینکاک کے نئے روٹ کی شمولیت کے بعد اب سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ریاض سے 12 مقامات کے لیے براہ راست پروازیں چلا رہی ہے۔
ریاض ایئر کے سی ای او ٹونی ڈگلس نے کہا کہ ’سعودی اور تھائی دارالحکومتوں کے درمیان ڈائریکٹ روٹ کا آغاز ایئر لائن کے سعودی وژن 2030 کے اہداف کو فروغ دینے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے جس میں سعودی عرب اور تھائی لینڈ کے درمین تجارت، سیاحت اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط کرنا شامل ہے۔‘

ایئر لائن کے مطابق نئے روٹس اس کی توسیعی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، جس کا مقصد ریاض کو دنیا کے اہم اقتصادی، سیاحتی اور ثقافتی مراکز سے مزید مؤثر انداز میں منسلک کرنا ہے۔
ریاض ایئر کے بیڑے میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کیبن، بہتر سفری سہولتیں اور عالمی معیار کی مہمان نوازی کی خدمات شامل ہیں، ان کا مقصد مسافروں کو ایک منفرد اور مکمل سفری تجربہ فراہم کرنا ہے۔
