ریاض ایئر کی ممبئی کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز
یہ قدم ایشیا میں عالمی نیٹ ورک کو بڑھانے کے منصوبے کا حصہ ہے۔( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ریاض ایئر نے منگل 4 اگست سے ممبئی کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کیا ہے۔
ریاض ایئر کے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کے مطابق یہ قدم، ایشیا میں عالمی نیٹ ورک کو بڑھانے کے منصوبے کا حصہ ہے۔
ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ممبئی کے چھتر پتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان یومیہ پروازیں جدید بوئنگ 787-9 ڈریم لائنز کے ذریعے چلائی جا رہی ہیں۔
یہ روٹ مسافروں کو کنکشن کے لچکدار آپشن فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ یورپ اور مشرق وسطی کے لیے ہموار سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ سٹریٹجک انیشیٹیو ریاض ایئر کو دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی ایوی ایشن مارکیٹوں میں سے ایک، انڈین مارکیٹ میں داخل ہونے کے لیے اہم گیٹ وے فراہم کرتا ہے۔
اس کے ساتھ یہ دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتی ہوئی سفری ضروریات کو پورا کرنے، بزنس ٹرپ اور فیملی وزٹس کو مزید آسان بنانے میں بھی مدد کرے گا۔

اس سے قبل ریاض ایئر نے ریاض، لاہور اور منیلا کے لیے نئی پروازوں کا اعلان کیا تھا۔ اسلام آباد کے لیے پہلی پرواز 14 اگست جبکہ لاہور کے لیے 18 اگست کو روانہ ہوگی۔ منیلا کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز 9 ستمبر 2026 سے کیا جائے گا۔
ایئر لائن کے مطابق نئے روٹس اس کی توسیعی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، جس کا مقصد دارالحکومت ریاض کو دنیا کے اہم اقتصادی، سیاحتی اور ثقافتی مراکز سے مزید مؤثر انداز میں منسلک کرنا ہے۔ریاض ایئر کے جدید بیڑے میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کیبن، بہتر سفری سہولتیں اور عالمی معیار کی مہمان نوازی کی خدمات شامل ہیں، ان کا مقصد مسافروں کو ایک منفرد اور مکمل سفری تجربہ فراہم کرنا ہے۔
