شام میں نئے سعودی سفیر نے شامی وزیر خارجہ کو اسناد سفارت پیش کیں
جمعرات 3 ستمبر 2026 19:55
غازی العنزی کو اس سال جولائی میں نیا سفیر مقرر کیا گیا تھا ( فوٹو: عرب نیوز)
شام میں سعودی عرب کے نئے سفیر غازی العنزی نے جمعرات کو دمشق میں شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کو اسناد سفارت پیش کر دیں۔
عرب نیوز نے شام کی عرب خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا شامی وزیر خارجہ نے ایک تقریب کے دوران برازیل، ازبکستان، سویڈن اور یورپی یونین کے سفیروں سے بھی اسناد وصول کیں۔
غازی العنزی کو اس سال جولائی میں شام میں سعودی عرب کا سفیر مقرر کیا گیا تھا وہ سعودی وزارت خارجہ میں عرب ریاستوں کے جنرل ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل رہ چکے ہیں۔
انہوں نے دمشق میں سعودی سفیر ڈاکٹر فیصل بن سعود المجفل کی جگہ لی ہے جنہیں فرانس میں سعودی سفیر مقرر کیا گیا ہے۔
اس سے قبل شام میں سعودی سفارتخانے نے دارالحکومت دمشق میں ایک ویزہ آفس کھولنے کا اعلان کیا تھا جہاں تمام ویزہ درخواستوں کے ساتھ کارگو اور ٹرانسپورٹیشن سے متعلق درخواستیں بھی وصول کی جائیں گی۔
سعودی سفارتخانے کے مطابق یہ اقدام سعودی عرب اور شام کی حکومتوں کی جانب سے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی مشترکہ کوششوں کا حصہ ہے۔
