طائف کے نیشنل پارک میں 10 جانوروں کی دوبارہ آباد کاری کے لیے منتقلی
مملکت کی جانب سے یہ اقدام حیاتیاتی تنوع کو بڑھانے کی کوشش کا حصہ ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
طائف کے کمشنر شہزادہ فواز بن سلان بن عبدالعزیز نے طائف کے سیسد نیشنل پارک میں دس جانوروں کو دوبارہ آباد کاری کے لیے منتقل کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس میں تین عربی اوریکس، چار سرخ گردن والے شتر مرغ اور تین جنگلی خرگوش شامل ہیں۔
یہ اقدام مملکت کی مقامی جنگلی حیات کی انواع کو ان کے قدرتی مسکن میں دوبارہ متعارف کرانے اور حیاتیاتی تنوع کو بڑھانے کی کوشش کا حصہ ہے۔
نیشنل سینٹر فار وائلڈ لائف نے نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن کور ڈیویلپمنٹ اینڈ کومبیٹنگ ڈیزرٹیفیکیشن کے تعاون سے ان انواع کو دوبارہ متعارف کرایا گیا ہے۔ دوبارہ آبادکاری کے لیے پہلے فیلڈ کی تیاری کی گئی تاکہ آبادی کی پائیدار ترقی میں مدد مل سکے۔

طائف کے کمشنر کو پارک میں قائم خصوصی جنگلاتی تحقیقی مرکز کے بارے میں بریفنگ دی گئی جو جنگلات کی ترقی اور نباتات کی پائیداری پر مطالعے کو آگے بڑھائے گا۔
نیشنل سینٹر فار وائلڈ لائف ڈیویلپمنٹ کے سی ای او ڈاکٹر محمد قربان نے کہا کہ نیشنل پارک محفوظ راہداری کے طور پر کام کرتے ہیں جو قدرتی ذخائر کو جوڑنے کے ساتھ ماحولیاتی سیاحت کی سپورٹ کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مرکز کے دوبارہ آبادکاری کے پروگرام پر سائنسی بنیادوں پر عمل کیا جاتا ہے۔ ان میں قدرتی مسکن کے جائزے، انواع کو دوبارہ متعارف کرائے جانے کے بعد ان کی نگرانی شامل ہے تاکہ مملکت میں حیاتیاتی تنوع کو محفوظ بنایا جا سکے۔
