عالیہ بھٹ کی فلم ’الفا‘ کے فلاپ ہونے کا ساتھی اداکاراؤں پر کیا اثر پڑے گا؟
عالیہ بھٹ کی فلم ’الفا‘ کے فلاپ ہونے کا ساتھی اداکاراؤں پر کیا اثر پڑے گا؟
جمعہ 4 ستمبر 2026 17:18
حال ہی میں ریلیز ہونے والی عالیہ بھٹ کی فلم ’الفا‘ فلاپ ہو گئی تھی (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وُڈ اداکارہ تاپسی پنو نے انکشاف کیا ہے کہ عالیہ بھٹ کی فلم ’الفا‘ کی باکس آفس پر ناکامی کے بعد خواتین کو مرکزی کردار میں لے کر بننے والی دیگر فلموں کے منصوبے بھی متاثر ہوئے، جن میں ان کے اپنے پروجیکٹس بھی شامل ہیں۔
’زوم ٹی وی‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں تاپسی پنو نے کہا کہ ’کسی بڑی خاتون اداکار پر مبنی فلم کی ناکامی کے بعد سرمایہ کار ایسی فلموں میں سرمایہ کاری سے ہچکچانے لگتے ہیں۔‘
تاپسی پنو کا مزید کہنا تھا کہ ’ہر سال ایسا ہوتا ہے۔ بات چیت کچھ اس طرح ہوتی ہے کہ آج کل خواتین کرداروں پر مبنی فلمیں نہیں چل رہیں، اگر اتنی بڑی سپرسٹار کی فلم نہیں چل سکی تو باقیوں کا کیا ہوگا؟‘
انہوں نے فلم انڈسٹری میں مرد اور خواتین پر مبنی فلموں کے لیے مختلف پیمانے اپنانے پر بھی سوال اٹھایا۔
اداکارہ نے کہا کہ ’مرد اداکاروں کی بڑی فلموں میں سرمایہ کاری کی جاتی ہے، لیکن کیا ان فلموں کی کہانی ہمیشہ بہترین ہوتی ہے؟ کیا ہر فلم میں گہرائی اور باریکیاں ہوتی ہیں یا بعض اوقات فلمیں صرف گلیمر اور شاندار ایکشن مناظر کی بنیاد پر کامیاب ہو جاتی ہیں؟‘
’مرد کرداروں پر مبنی ایکشن فلم کی کہانی کمزور ہونے کے باوجود اسے کامیابی کا موقع دیا جاتا ہے، تاہم خواتین کو مرکزی کردار میں لے کر بننے والی فلموں کے لیے معیار مختلف ہوتا ہے۔‘
تاپسی پنو نے اپنے تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر کسی خاص سال میں کسی بڑی ادکارہ پر مبنی فلم ناکام ہو جائے تو سرمایہ کاروں کے رویے بدل جاتے ہیں اور وہ دیگر ایسے منصوبوں سے بھی پیچھے ہٹنے لگتے ہیں۔‘
تاپسی پنو نے کہا کہ مرد اداکاروں کی فلموں میں سرمایہ کاری کی جاتی ہے (فائل فوٹو: یوٹیوب، سکرین گریب)
انہوں نے کہا کہ ’مارکیٹ میں اگر چار یا پانچ فلمیں زیرِغور ہوں تو ایک یا دو منصوبے صرف اس وجہ سے روک دیے جاتے ہیں کہ کسی دوسری اداکارہ پر مبنی فلم نے باکس آفس پر اچھی کارکردگی نہیں دکھائی۔‘
واضح رہے کہ تاپسی پنو حال ہی میں نیٹ فلکس کی فلم ’گاندھاری‘ میں نظر آئی تھیں۔